• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل نے ڈیجیٹل ریٹنگ میں آئی پی ایل کو پیچھے چھوڑ دیا، نجم سیٹھی

شائع March 19, 2023 اپ ڈیٹ March 20, 2023
نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل نے حال ہی میں ختم ہونے والے سیزن میں 150 کی ڈیجیٹل ریٹنگ حاصل کی — فائل فوٹو: اے ایف پی
نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل نے حال ہی میں ختم ہونے والے سیزن میں 150 کی ڈیجیٹل ریٹنگ حاصل کی — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا ہے کہ حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن نے ڈیجیٹل ریٹنگ پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فائنل سے قبل ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل نے حال ہی میں ختم ہونے والے سیزن میں 150 کی ڈیجیٹل ریٹنگ حاصل کی اور آئی پی ایل کو پیچھے چھوڑ دیا جس نے 130 کی ریٹنگ حاصل کی۔

74 سالہ سربراہ نے ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے شائقین کے ساتھ ساتھ وفاق اور سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک نیا آپشن بھی پیش کیا گیا، ہمیں لیگ کے کچھ میچز امریکا میں کرانے کی تجاویز موصول ہوئی ہیں اور اگر ہمیں موقع ملا تو ہم اس آپشن پر عملدرآمد کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کراچی میں متعلقہ حکام سے بات چیت کر رہا ہے اور لاہور میں عوام کی سہولت کے لیے اسٹیڈیم کے قریب کھلاڑیوں کے لیے فائیو اسٹار ہوٹل تعمیر کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے ملکی معیشت کی بہتری میں بھی اہم کردار کیا اور روزگار کے مواقع فراہم کیے۔

نجم سیٹھی نے حکومت کو ادا کیے گئے ٹیکسوں کی تفصیلات بتانے سے قبل کہا کہ پی ایس ایل نے ملک کی معیشت کے پہیے کو رواں دواں رکھنے میں کردار ادا کیا ہے کیونکہ اس نے روزگار کے مواقع پیدا کیے اور سیاحت، ہوٹل انڈسٹری، ایئر لائنز اور سڑک پر سفر کرنے والے کاروبار کے اضافے میں مدد کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وفاقی حکومت کو ٹیکس کی مد میں 70 کروڑ روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 50 کروڑ روپے اور صوبائی ٹیکسوں کی مد میں 50 کروڑ روپے ادا کیے ہیں۔

پی ایس ایل میں تین بیٹنگ کمپنیوں کو اسپانسر کرنے والی ٹیموں کے معاملے پر نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ ان معاہدوں پر نظرثانی کی جائے گی کیونکہ یہ معاہدے ان کے پی سی بی سربراہ کے طور پر تعینات ہونے سے پہلے ہوئے تھے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پی سی بی سرزمین کے مذہب، ثقافت اور روایت کے خلاف کسی بھی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024