• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

بحث کے دوران محب مرزا کے ساتھ سخت لہجے میں بات کرنے پر یونس خان پر تنقید

— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

عام طور پر ٹاک شوز میں سیاست دانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ سخت اور نامناسب لہجے میں بات کرتے دیکھا جاتا ہے لیکن حال ہی میں ایک کرکٹ شو کے دوران یونس خان اور اداکار محب مرزا کو بھی ایک دوسرے سے سخت لہجے میں بات کرتے دیکھا گیا۔

پروگرام میں کرکٹ پر بحث کے دوران سابق کرکٹر یونس خان نے اداکار محب مرزا سے سخت لہجے میں بات کی اور ساتھ ہی انہیں خبردار کیا کہ وہ آئندہ کسی پروگرام میں کسی سینیئر کھلاڑی کو بات کرنے سے روکنے کی کوشش نہ کریں، ورنہ انہیں تھپڑ پڑ سکتی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دونوں شخصیات کو پہلے آرام اور مذاق سے اور بعد ازاں انہیں قدرے سخت لہجے میں بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

دونوں شخصیات نے چند دن قبل وسیم بادامی کے کرکٹ شو میں شرکت کی، جہاں دونوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچ پر بحث کی۔

بحث کے دوران ایک ٹیم کی جانب سے بہت زیادہ اسکور کرنے پر بات کرتے ہوئے یونس خان نے طویل گفتگو کی، جس پر محب مرزا نے کرکٹر کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر انہیں کہا کہ وہ آسان اور صاف الفاظ میں کہیں کہ ’باؤلنگ فارغ تھی‘۔

محب مرزا کی جانب سے روکے جانے کے باوجود یونس خان نے اپنی بات جاری رکھی اور بعد ازاں محب مرزا کا کہنا تھا کہ وہ چونکہ عام بندے اور عوام ہیں، اس لیے ایک ٹیم کی جانب سے بہت زیادہ اسکور کیے جانے پر دوسری ٹیم کی باؤلنگ کو فارغ کہہ رہے ہیں۔

اسی پر یونس خان نے کہا کہ پی ایس ایل میں کھیلنے والے تمام باؤلر ورلڈ کلاس کے ہیں، کوئی بھی فارغ نہیں، ساتھ ہی انہوں نے محب مرزا سے سوال کیا کہ وہ نام بتائیں کہ کون سے باؤلر فارغ تھے؟

اس پر محب مرزا نے کہا کہ وہ عام عوام ہیں، اس لیے وہ ٹیکنیکل بات نہیں کریں گے۔

ان کے جواب پر یونس خان نے قدرے سخت لہجے میں کہا تو پھر اداکار نے ان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر انہیں کیوں روکا؟ وہ مذکورہ معاملے پر ہی بات کر رہے تھے؟

یونس خان نے بات کو جاری رکھتے ہوئے محب مرزا کو سمجھایا کہ آئندہ کبھی کسی پروگرام میں جب سینیئر کھلاڑی بات کر رہا ہو تو اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر انہیں ڈسٹرب نہیں کریے گا ورنہ پھر کان کے نیچے بھی لگ سکتی ہے۔

مذکورہ بات کرتے ہوئے یونس خان نے تھپڑ کا اشارہ بھی کیا، جس پر میزبان وسیم بادامی نے انہیں کہا کہ محب مرزا نے اپنی بات مذاق میں کہی تھی۔

یونس خان اور محب مرزا کی مذکورہ ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد کرکٹر پر تنقید کی جا رہی ہے اور ان کے ردعمل کو حیران کن قرار دیا جا رہا ہے۔

— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

اداکارہ منشا پاشا نے بھی مذکورہ معاملے پر انسٹاگرام اسٹوریز میں اداکاروں، کھلاڑیوں اور ٹی وی میزبانوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے پر تنقید کرنا چھوڑ دیں، جب آپ لوگ ایک دوسرے کی عزت کریں گے، تبھی دنیا آپ لوگوں کی عزت کرے گی۔

زیادہ تر لوگوں کے مطابق محب مرزا نے اچھے طریقے سے اور آرام سے بات کی جب کہ یونس خان فضول میں آگ بگولہ ہو رہے ہیں اور انہوں نے اداکار کے ساتھ بلاجواز سخت لہجے میں بات کی۔

لوگوں نے سوشل میڈیا پر کمنٹس کرتے ہوئے یونس خان کے رویے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں شخصیات الگ الگ فیلڈز سے تعلق رکھتی ہیں اور یونس خان کو سخت لہجے میں بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔

— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024