• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عمران خان کل سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، حماد اظہر

شائع March 7, 2023
حماد اظہر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سے درخواست ہے کہ عمران خان کے جلسے کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے—فائل فوٹو: اے پی پی
حماد اظہر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سے درخواست ہے کہ عمران خان کے جلسے کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے—فائل فوٹو: اے پی پی

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کل اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی کی قیادت کر کے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکریٹری حماد اظہر نے گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید و دیگر کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اس لیے ریلی کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بم اور بلٹ پروف گاڑی پر سوار ہوں گے۔

5 مارچ بروز اتوار کو سابق وزیر اعظم نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھا تھا جس میں ان کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کیا گیا تھا، درجنوں مقدمات کا سامنا ہونے کے پیش نظر خود پر قاتلانہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے استدعا کی تھی کہ انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے۔

حماد اظہر نے کہا کہ داتا دربار جاتے ہوئے سابق وزیر اعظم اپنی گاڑی سے مختلف مقامات پر پارٹی کارکنوں اور حامیوں سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ڈپٹی کمشنر سے درخواست کرے گی کہ کینال روڈ، فیروز پور روڈ اور داتا دربار کے سامنے عمران خان کے جلسے کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ عمران خان حال ہی میں لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے لیے گئے تھے جہاں پی ٹی آئی نے کارکنان کو آمد کے لیے کوئی کال نہیں دی تھی لیکن اس کے باوجود لوگوں کا ہجوم عدالت پہنچ گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’عمران خان کے لیے قوم کی دولت لوٹنے والوں کے ساتھ مفاہمت کرنا اور اقتدار میں واپس آنا آسان ہے لیکن وہ اپنے اور اپنی پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو تو معاف کرسکتے ہیں مگر قوم کی دولت لوٹنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے‘۔

حماد اظہر نے دعویٰ کیا کہ حکمرانوں نے اپنے آپ کو اصل بااختیار قوتوں کے حوالے کر دیا ہے اور وہ عوامی احتساب سے بچنے کے لیے محفوظ راستے کی بھیک مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت پر حملہ کرنے کے لیے میڈیا بلیک آؤٹ، جعلی ایف آئی آر کا اندراج، گرفتاریاں اور تشدد جیسے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں، عمران خان کو اب کوئی خاموش نہیں کر سکتا۔

عمران خان کی تقاریر پر پیمرا کی پابندی کا حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سڑکوں پر بڑی بڑی اسکرینیں لگائے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کو براہ راست دیکھا اور سنا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نیوز چینلز پر عمران خان کی تقاریر پر پابندی غیر قانونی ہے، عدالتیں پہلے ہی ہدایات جاری کر چکی ہیں کہ کسی سیاسی رہنما کو بلیک آؤٹ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب عمران خان لوگوں کے سامنے اپنا دل کھول کر رکھتے ہیں تو پورا پاکستان سنتا ہے، بلاول اور مریم کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے اور کوئی ان کی بات سننے کو تیار نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان ہر معاملے میں عدالتوں میں پیش نہیں ہو سکتے کیونکہ حکمرانوں نے ان کے خلاف 70 سے زائد جعلی ایف آئی آر درج کرائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب کسی کی بھی حکومت آجائے اسے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا لیکن یہ معاشی مسائل کا مستقل حل نہیں ہے، تمام ریاستی اداروں میں وسیع پیمانے پر اصلاحات ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024