• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

عینک اور بینائی سے جڑی فرسودہ روایات پر بنی مختصر فلم ’نور‘ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

شائع March 2, 2023
فلم کو ہیلتھ کی کیٹیگری میں ایوارڈ دیا گیا—اسکرین شاٹ
فلم کو ہیلتھ کی کیٹیگری میں ایوارڈ دیا گیا—اسکرین شاٹ

عینک اور بینائی سے متعلق جڑی فرسودہ روایات اور پاکستانی سماج کے عام افراد کی سوچ پر بنائی گئی مختصر فلم ’نور‘ فرانس میں ہونے والے آن لائن فلمی میلے میں ایوارڈ لینے میں کامیاب ہوگئی۔

’نور‘ کو فلم ساز عمیر عادل نے یوٹیوب چینل ’سی پرائم‘ کے لیے بنایا تھا اور اسے رواں برس جنوری میں آن لائن ریلیز کیا گیا تھا۔

محض 18 منٹ سے بھی کم دورانیے کی فلم میں ثروت گیلانی، عمیر رانا، منزہ وقاص، تنیشا شمیم اور تسنیم انصاری نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

فلم کی کہانی نور نامی ایک بچی کے گرد گھومتی ہے جن کی نظر کمزور ہوتی ہے اور انہیں ڈاکٹر عینک پہننے کی ہدایت کرتے ہیں لیکن بچی دادی اور والد کی غلط سوچ سمیت دوسرے لوگوں کے طعنوں کی وجہ سے عینک نہیں پہنتی، جس وج سے انہیں پڑھنے سمیت دیگر معاملات میں کافی مشکلات پیش آتی ہیں۔

نور کی دادی اور والد کا خیال ہوتا ہے کہ عینک پہننے سے لوگ بڑی عمر کے نظر آتے ہیں اور یہ کہ عینک نظر کو مزید کمزور کردیتی ہے اور اسی طرح کے خیالات سماج کے دوسرے لوگوں میں بھی پائے جاتے ہیں۔

تاہم نور جس اسکول میں پڑھتی ہیں، وہاں کی استانی ثروت گیلانی انہیں ہر بار عینک پہن کر آنے کی ہدایت کرتی ہیں اور انہیں بتاتی رہتی ہیں کہ اگر وہ عینک نہیں پہنیں گی تو پڑھ لکھ نہیں سکیں گی اور پھر ثروت گیلانی ان کی والدہ کو بھی سمجھاتی ہیں، جس کے بعد بچی عینک لگانے پر رضامند ہوجاتی ہیں۔

مختصر فلم میں عینک اور بینائی یا نظر کی کمزوری سے متعلق سماج میں پائی جانے والی فرسودہ روایات کو دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی نظر کی کمزوری والے افراد کے لیے عینک کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

فلم کو جہاں پاکستانی شائقین نے خوب پسند کیا تھا، وہیں یہ فلم فرانس میں ہونے والے معتبر آن لائن فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔

فلم کی اداکارہ ثروت گیلانی نے انسٹاگرام پوسٹس میں فلم کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کی فلم فرانس میں ہونے والے ’کانز ورلڈ فلم فیسٹیول‘ کے آن لائن ایڈیشن میں ہیلتھ کی کیٹیگری میں کامیاب قرار دیا گیا۔

’نور‘ کو فلم فیسٹیول کی جانب سے ہیلتھ کی کیٹیگری کی کامیاب فلم قرار دیتے ہوئے اسے ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا۔

اہم موضوع پر بنی مختصر فلم کی جانب سے ایوارڈ جیتے جانے پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے بھی ثروت گیلانی کو مبارک باد پیش کی۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024