• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am

یونان: مال بردار اور مسافر ٹرین کے درمیان تصادم، 36 افراد ہلاک

شائع March 1, 2023
پھنسے ہوئے مزید لوگوں کو بچانے کی کوششیں تاحال جاری ہیں—فوٹو: رائٹرز
پھنسے ہوئے مزید لوگوں کو بچانے کی کوششیں تاحال جاری ہیں—فوٹو: رائٹرز
مسافروں کی اکثریت کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز
مسافروں کی اکثریت کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز

یونان کے شہر لاریسا کے قریب 2 ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تقریباً 36 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق فائر سروسز کے ترجمان نے تصدیق کی کہ حادثہ دارالحکومت ایتھنز اور تھیسالونیکی کے درمیان اس وقت پیش آیا جب 350 مسافروں سے بھری ایک مسافر ٹرین ایتھنز سے تقریباً 235 میل شمال میں ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی۔

انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ’اب تک کم از کم 29 افراد مردہ پائے گئے ہیں، مسافروں کی اکثریت کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے، پھنسے ہوئے مزید لوگوں کو بچانے کی کوششیں تاحال جاری ہیں‘۔

بعد ازاں غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 36 ہوگئی ہے اور 66 زخمی ہیں، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم ان میں سے 6 انتہائی نگہداشت میں داخل ہیں۔

ایمرجنسی سروس کے مطابق تقریباً 150 فائر فائٹرز اور 40 ایمبولینسز کو متحرک کیا گیا ہے، کرینیں اور تکنیکی اہلکاروں کو بھی ملبہ ہٹانے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

ٹرین کی ایک بوگی مکمل طور پر کچل گئی ہے، جس سے ریسکیو کا کام خاصا مشکل ہو گیا ہے، جبکہ دوسرے حصوں سے دھواں اور آگ کے شعلے نکل رہے ہیں۔

حادثے میں 85 افراد زخمی ہوچکے ہیں جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، مقامی میڈیا اس حادثے کو یونان کا اب تک کا بدترین ٹرین حادثہ قرار دے رہا ہے۔

حادثے کے بعد حکومت کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، یونان کے وزیر صحت تھانوس پلیورس جائے وقوعہ کو دورہ کرچکے ہیں جبکہ وزیر داخلہ تاکیس تھیوڈوریکاکوس ’کرائسز مینجمنٹ سینٹر‘ کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

فائر سروسز کے مطابق لاریسا کے قریب 2 ہسپتالوں کو متعدد زخمیوں کے علاج کے لیے مختص کردیا گیا ہے جبکہ تھیسالونیکی اور ایتھنز کے فوجی ہسپتال بھی ضرورت پڑنے کی صورت میں ’الرٹ‘ پر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024