الیکشن ضرور ہوں گے لیکن پہلے نواز شریف کو دی گئیں غلط سزائیں ختم ہوں، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن ضرور ہوں گے لیکن پہلے بے گناہ نواز شریف کو ہونے والی غلط سزائیں ختم ہوں گی اور عمران خان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔
ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انتخابات ضرور ہوں گے لیکن پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کیے جائیں گے، پہلے نواز شریف سے ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ضرور ہوں گے لیکن پہلے بے گناہ نواز شریف کو ہونے والی غلط سزائیں ختم ہوں گی اور عمران کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اگر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے کیے گے معاہدے کی پاسداری نہ کرتی تو پاکستان دیوالیہ ہوجاتا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح چاند کو گرہن لگتا ہے اسی طرح پاکستان کو بھی پاناما بینچ لگ گیا، ایک بینچ بن گیا جس کا نام پاناما بینچ تھا جس کے اندر بدنام زمانہ پانچ ججز شامل تھے، جب وہ پاناما بینچ رہا، نہ پاکستان کی عزت رہی اور نہ ہی غریب کی روٹی۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف برا لگتا تھا تو اس سے انتقام لیتے لیکن غریب کا چولھا کیوں بجھا دیا، نواز شریف کے بعد سے نہ مہنگائی، نہ معیشت، نہ روپیہ اور نہ ہی پاکستان سنبھل رہا ہے، پاناما بینچ والو جواب دو، پاناما بینچ بنانے والے جنرل ریٹائرڈ فیض حمید جواب دو، جواب دو کہ نواز شریف کی دشمنی میں پاکستان کے ساتھ اتنا بڑا ظلم کیوں کیا۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ اگر آج مہنگائی ہے اور ملک گروی پڑا ہے تو اس کے ذمہ دار پاناما بینچ اور اس کو بنانے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران کو لانے والے جانتے تھے کہ وہ نااہل ترین اور نالائق ترین انسان ہے جس کے پاس نہ کردار تھا اور نہ ہی کارکردگی تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس دو راستے تھے، ایک یہ کہ عمران نے عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ جو معاہدہ کیا اور جاتے جاتے وہ معاہدہ پھاڑ کر گیا تو مسلم لیگ (ن) بھی اس معاہدے کی پاسداری نہ کرتی اور پاکستان دیوالیہ ہوجاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کو وقتی طور پر نقصان ضرور ہوا لیکن اس نے پاکستان کو سری لنکا بنانے سے بچا لیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اقامہ میں سزا دی گئی اور جس کے ہاتھ چوری کی دولت میں ڈوبے ہوئے ہیں اس کو عدالتیں نہیں بلا سکتیں، اس کو آج بھی جنرل (ر) فیض حمید کی باقیات بچا رہی ہیں جو چکوال سے بیٹھ کر تانے بانے جوڑ رہا ہے اور ڈیم والا بابا آج بھی عدلیہ میں لگائے گئے مہروں سے کام لے رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پہلے اس (عمران خان) کی بھی عدالت کے سامنے 200 پیشیاں پوری ہوں گی پھر الیکشن ہوگا، عمران خان آنکھیں کھول کر دیکھو جنہوں نے تمہیں کندھوں پر بٹھا کر اقتدار میں پہنچایا وہ اسٹیبلشمنٹ اب گھر جاچکی ہے اور جن ججوں کے کندھوں پر چڑھ کر آنے کی تیاری کر رہے ہو وہ کندھے بھی نہیں رہیں گے۔