• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان

شائع February 7, 2023
امپائرز کے پینل میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کے تین امپائرز علیم ڈار، رچرڈ النگ ورتھ اور مائیک گف کو بھی حصہ بنایا گیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی/ آئی سی سی
امپائرز کے پینل میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کے تین امپائرز علیم ڈار، رچرڈ النگ ورتھ اور مائیک گف کو بھی حصہ بنایا گیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی/ آئی سی سی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جس میں مقامی امپائرز کے ساتھ ساتھ ایلیٹ پینل کے بین الاقوامی امپائرز بھی شامل ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے میچز 13 فروری سے 19مارچ تک چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں منعقد ہوں گے اور 34 میچوں کے لیے بورڈ کی جانب سے امپائرز اور میچ ریفری کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

لیگ کے 14 میچز کراچی اور ملتان میں منعقد ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں لاہور اور راولپنڈی 20 میچوں کی میزبانی کریں گے۔

ٹورنامنٹ کے لیے امپائرز کے پینل میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کے 3 امپائرز علیم ڈار، رچرڈ النگ ورتھ اور مائیک گف کو بھی حصہ بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کے احسن رضا، آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل خان آفریدی، شوزب رضا کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی امپائرز مارٹن سیگرز، روچیرا پلیا گروگے اور ایلکس وارف بھی امپائرنگ کرتے نظر آئیں گے۔

سری لنکا کے سابق کرکٹر اور آئی سی سی ایلیٹ کے مشہور ریفری روشن مہاناما لگاتار آٹھویں سیزن میں میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے، اس کے علاوہ افتخار احمد، علی نقوی، جاوید ملک اور محمد انیس بھی ریفری ہوں گے۔

انگلینڈ کے ایلکس وارف اور مارٹن سیگرز کے ساتھ ساتھ سری لنکا کے روچیرا پلیا گروگے پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں امپائرنگ کرتے نظر آئیں گے۔

13 فروری کو ہونے والے لیگ کے افتتاحی میچ میں آصف یعقوب اور مارٹن سیگرز امپائرنگ کریں گے جبکہ فیصل آفریدی میچ ریفری ہوں گے۔

15کمنٹیٹرز اور دو پریزنٹرز کے پینل کا اعلان

ادھر پی سی بی نے لیگ کے 34میچوں کے لیے 15کمنٹیٹرز اور دو پریزنٹرز کے پینل کی بھی تصدیق کر دی ہے۔

ٹورنامنٹ کے دوران ایلن ولکنز، بازید خان، ڈینی موریسن، ڈیرن گنگا، ڈومینک کارک، مارک بچر، نک نائٹ، ثنا میر، سکندر بخت، سائمن ڈول، عروج ممتاز، ورنن فلینڈر اور وقار یونس انگریزی میں کمنٹری کریں گے۔

اس کے علاوہ مرینہ اقبال اور طارق سعید اردو میں کمنٹری کریں گے جبکہ ایرن ہالینڈ اور زینب عباس پریزنٹر ہوں گی۔

پی ایس ایل 8کے لیے دو مکمل پروڈکشن کٹس اور عملہ بیک وقت کام کرے گا جو پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے بعد کے بعد صرف دوسری بار اور کووڈ کے بعد پہلی بار ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024