• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ایک ساتھ جلوہ گر ہونے کیلئے خاص فلم کا انتظار تھا، شاہ رخ اور سلمان کا ’پٹھان‘ پر ردعمل

شائع February 6, 2023
— فائل فوٹو: ٹوئٹر
— فائل فوٹو: ٹوئٹر

کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے والی بھارت کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ پر بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور انڈسٹری کے بھائی سلمان خان نے پہلی بار ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایک ساتھ بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے کے لیے ایک خاص فلم کا انتظار تھا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے فلم پٹھان میں شاہ رخ خان کے ساتھ ٹائیگر کے طور پر ایک مختصر کردار ادا کیا ہے جسے شائقین نے بے حد پسند کیا۔

فلم کی کامیابی کے بعد حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران سلمان خان نے کہا کہ مجھے اور شاہ رُخ خان کو ایک ساتھ بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے کے لیے ایک خاص فلم کا انتظار تھا اور مجھے خوشی ہے کہ وہ فلم ’پٹھان‘ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے معلوم تھا کہ ہمیں ایک ساتھ دیکھ کر مداحوں کو بہت اچھا لگے گا اور مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے پٹھان کو بہت زیادہ پسند کیا۔

بولی وڈ کے ’بھائی‘ کہلانے والے سلمان خان نے کہا کہ جب مجھے بتایا گیا کہ اس فلم میں میرا اور شاہ رخ کا ایک ساتھ سین بھی ہے تو میں حیران رہ گیا اور رضامند ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم پٹھان نے جتنے ریکارڈ بنائے ہیں مجھے اس بات کی خوشی، یہ بھارتی سنیما کے لیے بہت بڑی جیت ہے جہاں ہم کووڈ 19 کے بعد لوگوں کو ایک بار بھر سینما اور تھیٹر کی طرف واپس لائے ہیں۔

انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں کو ساتھ لانے کے لیے اچھی اسکرپٹ کا انتظار تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب فلم کے ہدایت کار اور پروڈیوسر نے ہمیں فلم کی کہانی سنائی اور پٹھان کے ساتھ ٹائیگر کی انٹری کا تصور بتایا توہم فوری راضی ہوگئے کیونکہ ہمیں سالوں سے اس موقع کا انتظار تھا۔

بولی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان نے کہا کہ جب میں کہتا ہوں تو مجھ پر بھروسہ رکھیں، سلمان خان اور میں ہمیشہ سے ایک ساتھ اداکاری کرنا چاہتے تھے لیکن صحیح فلم اور بہترین اسکرپٹ کا انتظار کر رہے تھے، کیونکہ ہم جانتے تھے کہ ہمیں اسکرین پر دیکھنے کے لیے شائقین کا جوش و خروش عروج پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ساتھ ایک اچھی فلم مداحوں کو پیش کرنی تھی کیونکہ وہ ہم سے بہت پیار کرتے ہیں اور اگر ایسا نہ ہوا تو مداح بہت مایوس ہوتے۔

شاہ رخ نے مزید کہا کہ میں جانتا ہوں کہ شائقین کو ہمیں اس طرح اسکرین پر دیکھنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا اور مجھے خوشی ہے کہ ہم نے ایک ایسی فلم پیش کی ہے جس سے وہ خوب لطف اندوز ہوئے ہیں۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق فلم نے پہلے دن 105 کروڑ روپے جب کہ دوسرے دن اس سے بھی زیادہ 115 کروڑ روپے کی کمائی کی۔

’پٹھان‘ کے ہندی ورژن نے دنیا بھر سے دو ارب 15 کروڑ روپے جب کہ تامل اور تیلگو ورژنز نے بھی 5 کروڑ روپے تک کمائے، یوں فلم کی دو دن کی کمائی دو ارب 20 کروڑ روپے تک جاپہنچی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024