• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

آئی ایس آئی افسران کے قتل میں ملوث مبینہ ملزم ہلاک

شائع February 1, 2023
ملزم نے نوید صادق اور انسپکٹر ناصر عباس کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
ملزم نے نوید صادق اور انسپکٹر ناصر عباس کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

سیکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ 3 ہفتے قبل خانیوال میں 2 انٹیلی جنس افسران کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ’عسکریت پسند‘ کو افغان سرحد کے قریب گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مشتبہ رکن عمر خان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کرانے اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اہل خانہ کے حوالے کردیا۔

سینیئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ مشتبہ شخص پیر کی رات کرم ایجنسی سے افغانستان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔

مشتبہ شخص نے 3 جنوری کو ضلع خانیوال میں پیرووال کے قریب قومی شاہراہ پر سڑک کنارے واقع ہوٹل میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر ملتان ریجن نوید صادق اور انسپکٹر ناصر عباس کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا اور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

کالعدم ٹی ٹی پی اور نام نہاد ’لشکر خراسان‘ سمیت 2 گروپوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

تھانہ سی ٹی ڈی ملتان نے اہلکاروں کے ڈرائیور کی شکایت پر قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔

سینئر اہلکار نے بتایا کہ سیکیورٹی ایجنسیاں قتل کے بعد مشتبہ شخص کا تعاقب کر رہی تھیں اور اسے افغانستان فرار ہونے کی کوشش کے دوران ٹریس کیا گیا۔

کرم ایجنسی میں رکنے کے لیے کہنے پر اس نے سیکیورٹی ٹیم پر فائرنگ کردی جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔

مبینہ ملزم کو چوٹیں آئیں اور اسے حراست میں لے کر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

آئی ایس آئی ڈائریکٹر نوید صادق سی ٹی ڈی ونگ کے سربراہ تھے اور انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں 23 مارچ 2021 کو ستارہ شجاعت سے نوازا گیا تھا۔

انہوں نے 2002 میں سب انسپکٹر کے طور پر پولیس فورس میں شمولیت اختیار کی تھی، 2009 میں اعلیٰ سطح کے امتحان میں شرکت کے بعد وہ آئی ایس آئی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر تعینات ہوئے تھے۔

کہا جاتا ہے کہ اپنے دور میں انہوں نے کالعدم تنظیموں کے کلیدی نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا، مہینوں کی کوششوں کے بعد انہوں نے مبینہ طور پر عسکریت پسند اسلامک اسٹیٹ گروپ کی اعلیٰ کمان تک رسائی حاصل کی اور فیصل آباد میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار کر انہیں بے اثر کردیا۔

اسی طرح انہوں نے گوجرانوالہ میں خودکش بمباروں کا بھی مقابلہ کیا اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کے اغوا میں ملوث نیٹ ورک کا سراغ لگایا۔

انہوں نے ایک کالعدم تنظیم کے نیٹ ورک کا بھی پردہ فاش کیا تھا جس نے ان کے یونٹ کے 2 افسران کو شہید کیا تھا۔

نوید صادق کی اہلیہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ آئی ایس آئی کے انسداد دہشت گردی ونگ میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024