• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

’کنا یاری‘ فیم باحجاب گلوکارہ ایوا بی رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں

شائع January 30, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

فروری 2022 میں کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے بلوچی گانے ’کنا یاری‘ سے شہرت حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی باحجاب گلوکارہ ایوا بی نے منگنی کے ایک ماہ بعد شادی کرلی۔

ایوا بی نے دسمبر 2022 میں گلوکار و سوشل میڈیا اسٹار مدثر قریشی سے خاموشی سے منگنی کرلی تھی۔

گلوکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے کیپشن میں منگنی سے متعلق کوئی بات نہیں لکھی تھی، البتہ انہوں نے انگوٹھی کی تصاویر اور منگنی کے کیک کی تصاویر شیئر کی تھی۔

اور اب انہوں نے منگنی کے ایک ماہ بعد ساتھی گلوکار مدثر قریشی سے شادی کرلی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز کو انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر بھی کیا۔

ایوا بی نے شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں خدا کے شکرانے ادا کیے، تاہم انہوں نے واضح طور پر نہیں بتایا کہ انہوں نے صرف نکاح کیا یا ان کی رخصتی بھی ہوگئی۔

گلوکارہ نے نکاح نامے پر دستخط کرنے کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں ان کے ہاتھ دستخط کرتے وقت کانپتے دکھائی دیتے ہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے سرخ و سفید رنگ کے عروسی لباس کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کیں اور انہیں اپنے شریک حیات مدثر قریشی کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ایوا بی کی شادی کے حوالے سے ان کا میک اپ کرنے والے آرٹسٹ وقار احمد نے بھی گلوکارہ کے دلہن کے روپ کی ویڈیوز شیئر کیں، جن میں انہیں سرخ رنگ کے بلوچی روایتی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

میک اپ آرٹسٹ نے بھی ایوا بی کی دلہن کے روپ کی متعدد ویڈیوز شیئر کیں مگر انہوں نے واضح طور پر نہیں بتایا کہ گلوکارہ نے صرف نکاح کیا یا ان کی رخصتی بھی ہوگئی۔

میک اپ آرٹسٹ اور ایوا بی کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیوز اور تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ گلوکارہ کی رخصتی بھی ہوگئی۔

ایوا بی کے دلہن بننے پر مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی، تاہم ساتھ ہی مداحوں نے ان سے مزاحیہ انداز میں پوچھا کہ نکاح نامے پر دستخط کے وقت ان کے ہاتھ کیوں کانپ رہے ہیں؟

واضح رہے کہ ایوا بی کے ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے گانے ’کنا یاری‘ کو ملک بھر میں بہت پسند کیا گیا تھا اور وہ مذکورہ گانے کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی مشہور ہوئی تھیں۔

تاہم ایوا بی نے گلوکاری کا آغاز پہلے ہی کردیا تھا، انہوں نے تین سال قبل 2018 میں انسٹاگرام پراپنا پہلا ریپر گانا شیئر کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا تھا۔

ایوا بی نے کیریئر کے آغاز میں ہی نہ صرف اپنے بلوچ ثقافتی لباس کو پہننا شروع کیا بلکہ انہوں نے مکمل حجاب کرنا بھی شروع کیا اور اسی وجہ سے ان کی مقبولیت میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔

انہیں ان کے حجاب اور ثقافتی و دیدہ زیب لباس پہننے کی وجہ سے منفرد اہمیت حاصل ہے۔

ان کے ریپ گانے کو رواں برس ریلیز ہونے والی پہلی مسلم سپر ہیرو امریکی ویب سیریز ’مس مارول‘ میں بھی شامل کیا گیا تھا۔

ایوا بی نے سیزن 14 میں ’کنا یاری‘ریکارڈ کرتے ہوئے کوک اسٹوڈیو کو بتایا تھا کہ انہیں پہلے تو ’ریپنگ‘ موسیقی اور گلوکاری کا کچھ پتہ ہی نہیں تھا مگر جب انہوں نے پہلی بار امریکی ریپر ایمینم کو سنا تو انہیں ایسے ہی گیت لکھنے کا شوق ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب وہ حجاب کی اتنی عادی ہو چکی ہیں کہ اگر ان سے حجاب واپس لیا جائے تو وہ گلوکاری ہی نہیں کر سکیں گی۔

’کنا یاری‘ گلوکارہ نے بتایا تھا کہ وہ حجاب میں خود کو پرسکون اور محفوظ تصور کرتی ہیں اور انہیں اس کے ساتھ ہی ریپنگ گلوکاری میں مزہ آتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024