• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور قبل از وقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں، چوہدری شجاعت

شائع January 9, 2023
چوہدری شجاعت نے کہا کہ سیاستدان مہنگائی کے حل کے لیے مل کر کام کریں—فائل فوٹو: فیس بک
چوہدری شجاعت نے کہا کہ سیاستدان مہنگائی کے حل کے لیے مل کر کام کریں—فائل فوٹو: فیس بک

صدر پاکستان مسلم لیگ(ق) چوہدری شجاعت حسین نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور قبل از وقت عام انتخابات کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وفد سے ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ’پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں کی جائے گی اور ملک میں قبل از وقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے‘۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے شروع ہو گا۔

مسلم لیگ(ق) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’سیکریٹری جنرل جے یو آئی(ف) مولانا غفور حیدری اور ان کی جماعت کے دیگر رہنماؤں نے چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورتحال اور معاشی بحران پر تبادلۂ خیال کیا‘۔

وفد نے صدر مسلم لیگ(ق) کو بلوچستان میں آٹے کی قلت اور دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ’لوگ آٹے کی آسمان کو چھوتی قیمتوں سے کافی پریشان ہیں، یہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کو روکیں کیونکہ اس سے براہ راست عام آدمی متاثر ہوتا ہے‘۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں پر بھی زور دیا کہ وہ اختلافات کو دور کریں اور عوام کو درپیش مسائل بالخصوص بدترین مہنگائی کے حل کے لیے مل کر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو نعرے بازی اور مفادات کے بجائے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے اور قوم کو درپیش متعدد چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے۔

اجلاس میں جے یو آئی (ف) کے افضل خان، مولانا عبدالودود شاہد، مولانا عبدالوہاب مدنی، عبدالصمد، مکرمہ اشرف اور خواجہ نعمان جبکہ مسلم لیگ(ق) کے خالد رانجھا، چوہدری شافع حسین، حسین رانجھا اور بیرسٹر رن خضر نے شرکت کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024