• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm

شہباز شریف، مریم نواز کی بریت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، فواد چوہدری

شائع December 16, 2022
فواد چوہدری نے کہا کہ صرف کابینہ بنانا اور بیرونی دوروں پر جانا حکومت نہیں ہے — فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے کہا کہ صرف کابینہ بنانا اور بیرونی دوروں پر جانا حکومت نہیں ہے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں شہباز شریف، حمزہ اور مریم نواز کی بریت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے جارہے ہیں۔

لاہور میں مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ کل پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا جائے گا کیونکہ پاکستان کی موجودہ صورتحال پر ہر شہری تشویش کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال پر ہر پاکستانی تشویش کا شکار ہے کہ کس طرح پاکستانی حکومت کو چلایا جا رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ صرف کابینہ بنانا اور بیرونی دوروں پر جانا حکومت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ چمن بارڈر پر جس طرح کی صورتحال ہے اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تعلقات مکمل منقطع ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تعلقات کی یہ صورتحال ہے کہ کوئی بھی دوست ملک پاکستان کے ساتھ کھڑا نظر نہیں آرہا اور پاکستان کی معیشت مسلسل سست روی کی طرف جارہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایک طرف وزیر خارجہ کے دوروں پر پونے 2 ارب روپے خرچ کیے جاتے ہیں مگر دوسری طرف سفارت خانوں میں تنخواہ دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کا براہ راست تعلق پاکستان کی سیاست سے ہے اور جب تک پاکستان کی سیاست مستحکم نہیں ہوگی اس وقت تک معیشت میں بھی استحکام نہیں آئے گا اور اس کو استحکام میں لانے کا واحد طریقہ انتخابات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ حکومت جس کا ہر شخص اربوں روپے لوٹ کر کے باہر لے گیا ہو اس کو لگتا ہے کہ اپنی گھڑی بیچنا بھی جرم ہے اور وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں جانا بھی جرم ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی آج تحریک انصاف کے وکلا کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جس میں طے کیا گیا ہے کہ جس طرح قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم کو چلینج کیا گیا اسی طرح مریم نواز، حمزہ شہباز، شہباز شریف کی بریتوں کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے جارہے ہیں۔

آڈیو لیک کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف آڈیوز ریکارڈ کرکے ان کو جوڑا گیا ہے جس کی وجہ سے ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کا خیال ہے کہ اس طرح کی ویڈیوز یا آڈیوز سے سیاسی فائدہ لیں گے اور عمران خان کو کرپٹ ثابت کریں گے تو ان خیالوں کی دنیا سے باہر آجائیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ مقبول رہنماؤں پر حملے ہوتے رہے ہیں اور ان پر مقدمات بھی بنتے رہے ہیں، لیکن اس وقت ملک کی 66 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ہمارے مستقبل کی امید ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024