• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

بھارت کے ’انڈس ویلی فلم فیسٹیول‘ میں چار ایوارڈ پاکستانی لے اڑے

شائع November 18, 2022
—فوٹو: آئی وی آئی ایف ایف، فیس بک
—فوٹو: آئی وی آئی ایف ایف، فیس بک

بھارت کے پہلے بارڈر لیس فلم فیسٹیول ’انڈس ویلی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ (آئی وی آئی ایف ایف) میں ماہرہ خان اور صبا قمر سمیت چار پاکستانیوں نے اعلٰی ایوارڈز اپنے نام کرلیے۔

انڈس ویلی فلم فسٹیول ہر سال اکتوبر میں بھارت کی ریاست پنجاب اور ہریانہ کے درالحکومت چندی گڑھ میں اکتوبر میں منعقد کیا جاتا ہے۔

اس سال مذکورہ فلم فیسٹیول کا چوتھا سیزن منعقد کیا گیا، جس میں پاکستان، بنگلادیش، سری لنکا اور نیپال سمیت دیگر 15 ممالک کی 50 فلموں کی رونمائی بھی کی گئی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فلم فیسٹیول کے دوران پاکستانی فلم ’زندگی تماشا، کملی اور پرنس چارمنگ‘ کو بھی پیش کیا گیا اور تینوں فلموں نے فلم فیسٹیول میں مجموعی طور پر چار اعلیٰ ترین ایوارڈز اپنے نام کیے۔

فیسٹیول میں صبا قمر کو ’کملی‘ میں شاندار اداکاری کرنے پر بہترین اداکارہ جب کہ عارف حسن کو ’زندگی تماشا‘ میں زبردست کردار ادا کرنے پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

فیسٹیول کے دوران ’زندگی تماشا‘ کی ہدایات دینے پر سرمد کھوسٹ کو بہترین فلم ساز کے ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ ماہرہ خان کو مختصر فلم ’پرنس چارمنگ‘ میں اداکاری پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔

فیسٹیول میں بھارت، بنگلادیش اور نیپال سمیت سری لنکا کی شوبز شخصیات کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا، تاہم سب سے زیادہ اور اہم ایوارڈز پاکستانی اداکاروں اور ہدایت کار کے نام رہے۔

اس سے قبل مذکورہ فلم فیسٹیول میں پہلے بھی پاکستانی فلمیں پیش کی جاتی رہی ہیں اور انہوں نے وہاں ایوارڈز بھی جیتے تھے۔

انڈس ویلی فلم فیسٹیول بھارت کا ایسا پہلا فلم فیسٹیول ہے، جس میں جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر کے ممالک کی فلموں کو پیش کیا جاتاہے۔

اس فیسٹیول میں جاپان، چین، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت وسط ایشیائی ممالک کی فلموں کو بھی پیش کیا جاتا ہے۔

دو ہفتوں سے زائد تک چلنے والے فلم فیسٹیول میں اہم فلم ساز، اداکار اور گلوکار مختلف سیمینارز اور پروگرامات میں شرکت بھی کرتے ہیں جب کہ فیسٹیول کے دوران میوزک کنسرٹس بھی ہوتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024