• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

پاک-انگلینڈ ورلڈ کپ فائنل: کوہستان کے شہری ریڈیو کے دور میں چلے گئے

شائع November 13, 2022
سیلاب سے تباہ ہونے والی بجلی گھر تاحال بحال نہیں ہوسکا اور شہریوں نے ریڈیو پر کمنٹری سنی—فائل/فوٹو: ڈان
سیلاب سے تباہ ہونے والی بجلی گھر تاحال بحال نہیں ہوسکا اور شہریوں نے ریڈیو پر کمنٹری سنی—فائل/فوٹو: ڈان

ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان کی ٹیم نے مضبوط انگلینڈ کے خلاف زبردست مقابلہ کیا اور دنیا بھر میں پاکستانی شائقین نے میچ دیکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے تھے جہاں شہروں میں بڑی اسکرینوں کے انتظامات کیے گئے۔

خیبرپختونخوا کے علاقے اپر کوہستان کے بجلی سے محروم شہری جدید دور کی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ فائنل ریڈیو سے نشر ہونے والے رواں تبصرے کے ذریعے سن رہے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو فائنل میں شکست، انگلینڈ دوسری مرتبہ ٹی20 کا چیمپیئن بن گیا

اپر کوہستان کا منی پاور اسٹیشن حالیہ بدترین بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب میں تباہ ہوگیا تھا اور شہری تاحال بجلی سے محروم ہیں، اسی لیے وہ پاک-انگلینڈ فائنل میں تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے لیے پرانے ریڈیو نظام سے مستفید ہونے پر مجبور ہوئے۔

دوبیر بالا میں شہریوں نے ریڈیو پر کمنٹری سننے کے لیے انتظامات کیے تھے جہاں گروپ کی شکل میں لوگ موجود تھے۔

اپرکوہستان میں استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے جاوید خان نے بتایا کہ انہوں نے سولر پینل کے ذریعے ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل ٹی وی میں دیکھنے کی کوشش کی تھی لیکن بدقسمتی سے خراب موسم کی وجہ سے سولر پینل مؤثر نہیں ہوا اور ٹی وی آن نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے فائنل کی کمنٹری سننے کے لیے اپنے ریڈیو باہر نکالے جائیں۔

دوبیر بالا کے شہری عبدالتواب بھی ریڈیو سے کمنٹری سننے والے گروپ میں بیٹھے تھے اور اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کزنز ہیں اور ہمارے پاس میچ کے بارے میں فوری معلومات حاصل کرنے کا کوئی اور چارہ نہیں تھا، اسی لیے ریڈیو نکال لیے اور میچ کی کمنٹری سنی۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ فائنل: فاتح ٹیم کو 35 کروڑ روپے سے زائد انعام

ان کا کہنا تھا کہ وہ پورے میچ سے محظوظ ہوئے لیکن بدقسمتی سے ہماری ٹیم چمپیئن نہ بن سکی اور انگلینڈ جیت گیا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستانی ٹیم اگلے ورلڈ کپ میں مزید مضبوط بن کر سامنے آئے گی۔

آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ میں زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں پاکستانی بیٹنگ ایک مرتبہ پھر ناکام رہی تاہم باؤلرز نے ایک دفعہ پھر ثابت کردیا کہ پاکستان کا باؤلنگ اٹیک دنیا کی بہترین باؤلنگ میں سے ایک ہے۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 137 رنز بنائے تھے، جس میں سب سے زیادہ شان مسعود نے 38 رنز بنائے، بابراعظم نے 32، شاداب خان 20 اور محمد رضوان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے الیکس ہیلز کو بولڈ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، جس کے بعد حارث رؤف نے شان دار باؤلنگ کی، جس کے نتیجے میں انگلینڈ کو ایک آسان ہدف حاصل کرنے کے لیے آخری اوور تک انتظار کرنا پڑا جبکہ 5 وکٹوں سے بھی محروم ہوگئے۔

انگلینڈ دوسری مرتبہ ٹی20 کا عالمی چمپیئن بنا، اس سے قبل 2010 میں پال کولنگ ووڈ کی قیادت میں انگلینڈ پہلی مرتبہ عالمی چمپیئن بنا تھا اور اب جوز بٹلر دوسرے کپتان ہیں جنہوں نے انگلینڈ کو ایک مرتبہ پھر عالمی چمپیئن بنایا۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے 2019 میں ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی اور اب ٹی20 اور ون ڈے دونوں طرز کرکٹ میں عالمی چمپیئن بن گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024