• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

’گیم، دل کیسے جیتنا ہے قومی ٹیم بخوبی جانتی ہے‘

شائع November 9, 2022
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی — فوٹو: پی سی بی
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی — فوٹو: پی سی بی

پاکستانی شاہینوں نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلی سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو زیر کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی اور یوم اقبال پر شاہینوں نے کیویز پر اپنی برتری ثابت کردی۔

پاکستان کی جیت کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق کپتانوں اور مشہور کرکٹرز نے خوشی کا اظہار کیا اور ٹیم سمیت پوری قوم کو مبارک باد دی۔

جن سابق کرکٹرز نے بابر اعظم اور محمد رضوان پر کڑی نکتہ چینی کی تھی وہ بھی ٹیم کو داد دیے بغیر نہ رہ سکے، کپتان اور رضوان کی جوڑی نے اہم وقت میں فارم میں واپسی کی اور ٹیم کو فائنل تک پہنچا دیا۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 153 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور محمد رضوان کو 57 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قومی ٹیم 13 نومبر کو میلبرن میں فائنل کھیلے گی اور مخالف ٹیم کا فیصلہ 10 نومبر کو انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں ہوگا۔

آئی سی سی ایونٹس کی تاریخ میں پاکستان نے بھارت کو صرف ایک مرتبہ شکست دی ہے اور وہ شکست دینے والی ٹیم کے ہیرو بابر اعظم اور محمد رضوان ہی تھے اور اب ٹیم سے امیدیں وابستہ کی گئی ہیں کہ وہ فائنل میں بھارت ہو یا انگلینڈ جیت پاکستان کی ہوگی۔

ورلڈ کپ 1992 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے والے قومی ٹیم کے کپتان عمران خان نے بھی ٹوئٹر پر ٹیم کو مبارک باد دی۔

انہوں نے لکھا کہ 'بابر اعظم اور ٹیم کو عظیم کامیابی پر مبارک ہو'۔

سابق کپتان وسیم اکرم ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران جب ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی تو سخت تنقید کرتے رہے تاہم سیمی فائنل میں شان دار فتح پر ٹیم کو مبارک باد دی۔

وسیم اکرم نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ 'بہترین کارکردگی پر پاکستانی ٹیم اور تمام پاکستانیوں کو مبارک باد اور اب فائنل میں محظوظ ہوں'۔

سابق کپتان وقار یونس کی خوشی ان کے ٹوئٹ سے چھلک رہی تھی اور انہوں نے میچ سے پہلے کیا گیا اپنے ٹوئٹ کا بھی جواب دیا، جس میں انہوں نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی بہترین کارکردگی کی پیش گوئی کی تھی۔

وقار یونس نے ٹیم کی جیت پر لکھا کہ 'الحمداللہ، پوری قوم کو مبارک ہو، ہم فائنل میں پہنچ گئے ہیں'۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ 'بابر نے فرنٹ سے لیڈ کیا، جس کی ہمیں ضرورت تھی، تمام پاکستانیوں کو مبارک ہو'۔

راولپنڈی ایکسپریس شیعب اختر نے ٹوئٹ کیا کہ 'ٹی20 ورلڈ کپ پاکستان کے لیے، سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں غیر معمولی نظارے ہیں، لڑکوں کے پاس میلبرن کا ٹکٹ ہے'۔

سابق کپتان شعیب ملک بھی ٹیم کے ناقد رہے تاہم فائنل میں رسائی پر ٹیم کو مبارک دی اور کہا کہ 'ہمارے شاہینوں کی طرف سے پاکستانی شائقین کو یوم اقبال پر تحفہ مل گیا'۔

انہوں نے لکھا کہ 'اس کامیابی پر پوری قوم کو مبارک ہو، ہم ایک دفعہ پھر عالمی چمپیئن بننے سے صرف ایک میچ دور ہیں'۔

فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا کہ 'پاکستان کو مبارک ہو، شاباش کھلاڑی، ہماری ٹیم گیم اور دل کیسے جتنا ہے بخوبی جانتی ہے'۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے ٹوئٹ کیا کہ پاکستان 30 سال بعد میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پھر فائنل کھیلے گا۔

بھارت کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے ورلڈ کپ کے آغاز میں ہونے والی شکستوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کے لیے اس ورلڈ کپ میں قابل تعریف سفر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024