• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ وسلمان خان کو پیچھے چھوڑ دیا، مولانا فضل الرحمٰن

شائع November 6, 2022
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کو مشکل کی طرف دھکیلا جارہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کو مشکل کی طرف دھکیلا جارہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس طرح کی ڈرامے بازیاں سمجھ نہیں آتیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہڈی کا علاج کینسر کے ہسپتال میں؟ حملے کا پرچہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ پر؟ ایسی گفتگو کوئی عام شہری نہیں کرتا جو ملک کا سابق وزیر اعظم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ڈرامے بازیاں سمجھ نہیں آتیں کہ گولی ایک لگی ہے، دو لگیں یا پھر چار لگیں یا ٹکڑے لگے، عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمٰن کا عمران خان پر نفرت کی سیاست کو فروغ دینے کا الزام

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کو مشکل کی طرف دھکیلا جارہا ہے، حادثات کا سہارا لے کر قوم کو اضطراب کا شکار کیا جارہا ہے، ایک واقعے کو لے کر جھوٹ گھڑا جارہا ہے، ہم لوگ خطے میں تمام ممالک سے معاشی طور پر پیچھے رہ گئے۔

انہوں نے کہا کہ اندھے لوگوں نے آنکھیں بند کرکے عمران خان کے جھوٹ کو قبول کیا، آج اس نے ایک نیا ڈرامہ رچایا ہے، عمران خان کو گولی لگنے کی پہلی خبر آئی تو ہم نے بھی مذمت کی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ چیزیں سامنے آتی گئیں، گولی ایک لگی ہے دو لگیں چار لگیں یا ٹکڑے لگے، ہم نے بم کے ٹکڑے سنے گولی کے ٹکڑے پہلی بار سنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ساری دنیا کو چور چور کہتا رہا بعد میں خود چور نکلا، پہلے ان کے جھوٹ اور آفیشل دستاویزات پر جے آئی ٹی بننی چاہیے۔

'مارچ ناکام ہوگیا'

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ مارچ ناکام ہوگیا، حکیم رانا ثنااللہ پوری تیاری کر کے بیٹھا ہے، یہ لوگ کسی صورت اسلام آباد میں داخل نہیں ہو سکتے، حکومت ڈٹ جائے اور کوئی نرمی نہ برتی جائے، یہاں زمین بہت گرم ہے، تمہارے تلوے اس گرمی کو برداشت نہیں کر سکیں گے، حکومت سے گزارش کرتا ہوں کہ ان سے بھرپور تیاری سے نمٹا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم لانگ مارچ میں انتظامیہ کی دی ہوئی جگہ پر نظم و ضبط سے بیٹھے، شائستگی سے مارچ میں بیٹھے اور چلے گئے، پچھلی بار بھی تحریک انصاف کو عدالتی احکامات پر آنے کی اجازت دی گئی مگر ان لوگوں نے قانون کے احکامات کی خلاف ورزی کی، اس بار ان پر قطعاً بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے مفادات کی بنیاد پر افغانستان کی امارت اسلامیہ کو تسلیم کرنا چاہیے، مولانا فضل الرحمٰن

انہوں نے کہا کہ اس بار بھی یہ اپنی خواہش کے مطابق آرمی چیف لگانے کی کوشش میں ہے، اس طرح تو ہر جماعت کا اپنا اپنا آرمی چیف ہوگا، آرمی چیف کے تقرر کا حق وزیر اعظم کا ہے، اس لیے اس میں مداخلت نہیں کی جاسکتی، جب عمران خان آرمی چیف کو توسیع دیتا تھا، ہم سے پوچھ کر دیتا تھا، انہوں نے کہا کہ ماورائے قانون کچھ بھی نہیں ہوگا۔

'فوجی عہدیداروں پر الزامات لگانا ہماری سیاست کا حصہ نہیں'

پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کو تباہی کی طرف اپنے ایجنڈے کے مطابق دھکیل رہا ہے، کسی بھی جنرل سے میں شکوہ کر سکتا ہوں لیکن فوجی عہدیداروں پر الزامات لگانا اور گالیاں نکالنا، یہ سب ہماری سیاست کا حصہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل اور را کے ایجنٹ کو پاکستان میں سیاست نہیں کرنے دیں گے، مولانا فضل الرحمٰن

انہوں نے کہا کہ بھارت کے عوام نے اپنے اداکاروں سے اتنا لطف نہیں لیا ہوگا جتنا ہمارے اس اداکار کی اداکاری پر مزہ لے رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن میں خیبر پختونخوا کے اداروں کو شامل تفتیش کرنا چاہیے۔

'عمران خان بند گلی میں پھنس چکا ہے'

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بے بنیاد الزامات اور جھوٹے خط کی بھی تحقیق ہونی چاہیے، عمران خان بند گلی میں پھنس چکا ہے، یہاں سے واپسی کسی صورت ممکن نہیں، اس کی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے، اس نے انتہا پسندانہ روش سے ملک میں جنونیت کو عام کر دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024