• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

’جوائے لینڈ‘ کے اداکار علی جونیجو نے اعلیٰ فلم ایوارڈ جیت لیا

شائع November 3, 2022
علی جونیجو کو بہترین مینشن اداکار کا ایوارڈ دیا گیا—اسکرین شاٹ
علی جونیجو کو بہترین مینشن اداکار کا ایوارڈ دیا گیا—اسکرین شاٹ

ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کے ڈیبیو اداکار علی جونیجو نے برازیل میں ہونے والے عالمی فلم فیسٹیول کا اعلیٰ ایوارڈ جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔

’جوائے لینڈ‘ کو تاحال پاکستان میں ریلیز نہیں کیا گیا، تاہم اس کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے رواں ماہ 18 نومبر کو سینماؤں میں پیش کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

’جوائے لینڈ‘ کو آسکر کی پاکستانی اکیڈمی نے اسے غیر ملکی فلم کی کیٹیگری کے لیے منتخب کر رکھا ہے اور اس فلم کا مقابلہ دیگر 90 ممالک کی فلموں سے ہوگا۔

’جوائے لینڈ‘ کو اب تک ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سمیت کانز فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا جا چکا ہے اور اس فلم میں متعدد ایوارڈز اپنے نام کر رکھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملالہ یوسف زئی جوائے لینڈ کی ایگزیکٹو پروڈیوسر بن گئیں

حال ہی میں نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بھی ’جوائے لینڈ‘ کی ٹیم میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ فلم کی ایگزیکٹو پروڈیوسر بنی تھیں۔

ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ کو برازیل میں ہونے والے سالانہ 46 ویں ساؤ پولو انٹرنیشنل فلم فسٹیول میں بھی پیش کیا گیا، جہاں دنیا کے دیگر ممالک کی 240 سے زائد فلمیں بھی پیش کی گئیں۔

پاکستانی فلم نے فیسٹیول میں دوسرا بڑا ایوارڈ اپنے نام کیا اور فلم کے اداکار علی جونیجو کو ’بہترین جیوری مینشن اداکار‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

علی جونیجو 240 سے زائد فلموں کے واحد اداکار بنے، جنہیں مذکورہ ایوارڈ دیا گیا جب کہ بہترین فلم کا ایوارڈ امریکا اور برطانیہ کی مشترکہ فلم کو دیا گیا۔

ساؤ پولو فلم فیسٹیول میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بیلجیم کی اداکارہ کو ملا جب کہ علی جونیجو مذکورہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی اداکار بن گئے، علاوہ ازیں وہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے نئے اداکار بھی بن گئے۔

فلم کے ہدایت کار صائم صادق سمیت سرمد کھوسٹ نے بھی علی جونیجو کو ایوارڈ ملنے کی پوسٹس شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اس سے قبل صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو رواں برس مئی میں فرانس میں ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا اور اسے کانز کے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

جوائے لینڈ کو ’کانز: کوئیر پام‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو کہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔

’جوائے لینڈ‘ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ’کوئیر پام‘ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کانز فیسٹیول میں پیش

علاوہ ازیں مذکورہ فلم کو ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ سمیت دیگر عالمی میلوں میں بھی پیش کیا جا چکا ہے اور فلم نے دیگر عالمی ایوارڈز بھی اپنے نام کر رکھے ہیں۔

’جوائے لینڈ‘ کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔

فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالی ایوارڈ دیا گیا تھا۔

فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024