• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ٹی20 ورلڈ کپ: بھارت نے بارش سے متاثرہ میچ میں بنگلہ دیش کو 5 رنز سے شکست دے دی

شائع November 2, 2022
ویرات کوہلی کو ذمہ دارانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی کو ذمہ دارانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے ایک اہم میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 5 رنز سے شکست دے کر 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بنگلہ دیش کے باؤلر حسن محمود نے بھارت کے کپتان روہت شرما کو چوتھے اوور میں 11 کے اسکور پر آؤٹ کرکے مضبوط بیٹنگ کو اہم دھچکا پہنچایا۔

بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اسکور 78 رنز تک پہنچایا اور رنز کی رفتار میں بھی اضافہ کیا۔

کے ایل راہول آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے، جو 32 گیندوں پر 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کرکے شکیب الحسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

سوریا کمار یادیو نے 116 کے اسکور پر کوہلی کا ساتھ دیا اور 30 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد ہارڈک پانڈیا بھی صرف 5 رنز بنا سکے۔

دنیش کارتھک 5 گیندوں پر 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس وقت بھارت کا اسکور 17 اوورز میں 150 رنز تھا۔

ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

بھارت کا اسکور 18 اوورز میں 157 رنز پر پہنچا تھا تو آکشر پٹیل ایک چوکے کی مدد سے 7 رنز بنا کر حسن محمود کی وکٹ بنے، جو بھارت کی گرنے والی آخری وکٹ تھی۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 184 رنز بنائے۔

ویرات کوہلی نے ناقابل شکست 64 رنز بنائے، 44 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

روی چندرن ایشون نے آؤٹ ہوئے بغیر 13 رنز بنا کر کوہلی کا بھرپور ساتھ دیا۔

بنگلہ دیش کے حسن محمود نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، کپتان شکیب الحسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بارش کے خدشات کے ساتھ بنگلہ دیش کے بلے بازوں نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو جارحانہ انداز اپنایا اور ابتدائی 7 اوورز میں 60 رنز بنالیا۔

لٹن داس نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 27 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 60 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور رن آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش کی اننگز کے دوران بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا اور بعد ازاں بنگلہ دیش کو 16 اوورز میں 151 رنز کا ہدف دے دیا گیا۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے بلے بازوں نے جیت کے لیے کافی تگ و دو کی اور میچ آخری اوور کی آخری گیند تک لے گئے۔

بنگلہ دیش کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز نجم الحسن شانٹو تھے، جو 10 ویں اوور کی پہلی گیند پر 84 کے اسکور پر محمد شامی کا نشانہ بنے۔

عفیف حسیں 99 کے اسکور پر 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد شکیب الحسن کی 13 رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی تو بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 51 رنز درکار تھے اور 6 وکٹیں باقی تھیں۔

بنگلہ دیش کو 102 کے اسکور پر یاسر علی کی صورت میں ایک اور نقصان کا سامنا کرنا پڑا تاہم نورالحسن نے آخر تک مقابلہ کیا۔

مصدق حسین 108 کے اسکور صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد کوئی وکٹ نہیں گری اور میچ کا نتیجہ آخری گیند پر ہوا۔

نورالحسن نے 14 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنائے جبکہ تسکین احمد نے 7 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 12 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم مقرررہ 16 اوورز میں 6 وکٹوں پر 145 رنز بنا سکی اور میچ میں 5 رنز سے شکست ہوئی۔

بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور ہارڈک پانڈیا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، محمد شامی کو ایک وکٹ ملی۔

ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر اپنے پوائنٹس کی تعداد 6 کردی اور ٹیبل پر سرفہرست آگئے جہاں دوسرے نمبر پر 5 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ موجود ہے، بنگلہ دیش 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، زمبابوے 3 پوائنٹس کے چوتھے اور پاکستان صرف 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024