'ہم یہاں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے نہیں آئے'
بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ میں آج کھیلے جارہے اہم میچ سے قبل اسے فیورٹ قرار اور اپنی ٹیم کی جیت کے کم امکانات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 'اپ سیٹ' کرنے کی کوشش کریں گے۔
کرک انفو کے مطابق شکیب الحسن نے اپنی نوجوان ٹیم پر زور دیا کہ وہ بھارت کی مضبوط ٹیم کو بھول جائیں اور اس ذہنیت کے ساتھ کھیلیں کہ ہمارے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں ہے جب کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بنگلہ دیش کی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کے لیے یہاں نہیں ہے۔
اس سوال پر کہ نیدرلینڈز اور زمبابوے کو شکست دینے کے بعد بنگلہ دیش کا اگلا ہدف کونسی ٹیم کو شکست دینا ہے، شکیب الحسن نے کہا کہ ہم بھارت اور پاکستان کے خلاف اگلے دونوں میچز میں اچھا کھیلنا چاہتے ہیں اور اگر ہم ان دو میچوں میں سے ایک میچ بھی جیت جاتے ہیں تو یہ اپ سیٹ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: شکیب کی بُکی سے ہونے والی خفیہ باتیں منظر عام پر آگئیں
عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر نے کہا کہ ہم وہ اپ سیٹ کرکے بہت خوشی محسوس کریں گے، وہ دونوں ٹیمیں ہم سے بہتر اور تجربہ کار ہیں، اگر ہم اچھا کھیلتے ہیں اور اگر وہ ہمارا دن ہوا تو ہم کیوں نہیں جیت سکتے؟ ہم نے دیکھا کہ اسی ورلڈ کپ میں ہی آئرلینڈ نے انگلینڈ کو اور زمبابوے نے پاکستان کو شکست دی، اسی طرح کا اپ سیٹ کرنا یقیناً ہمارے لیے خوش آئند ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ میں نے بنگلہ دیش میں بھی کہا تھا کہ بھارتی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی مضبوط امیدار ہے، وہ یہاں ورلڈ کپ جیتنے کے لیے آئی یے، ہم فیورٹ نہیں ہیں، ہم یہاں ورلڈ کپ جیتنے نہیں آئے، ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ اگر ہم بھارت کے خلاف جیت جاتے ہیں تو اسے اپ سیٹ کہا جائے گا، ہم اپنی طرف سے بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں: شکیب پر پابندی کے خلاف بنگلہ دیش میں عوام سراپا احتجاج
عام طور پر یہ وہ الفاظ نہیں ہیں جو شائقین کرکٹ کسی ٹیم کے کپتان سے سننا چاہیں گے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ٹی 20ورلڈ کپ جاری ہو اور جوش و خروش بہت زیادہ ہو، بھارت نے میگا ایونٹ کے دوران ہونے والے دوطرفہ 11 مقابلوں میں سے 10 جیتے ہیں اور ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔
شکیب الحسن سمجھتے ہیں کہ ایڈیلیڈ اوول میں بھارت خاص طور پر خطرناک ہوگا جب کہ اس گراؤنڈ پر بنگلہ دیش نے صرف ایک میچ کھیلا ہے جب کہ بھارت کو یہاں 29 میچز کھیلنے کا تجربہ ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان اہم مقابلہ آج ہوگا جب کہ دونوں ٹیموں کے پاس سیمی فائنل میں پہنچنے کے چانسز ہیں کیونکہ دونوں ٹیمیں اپنے تین میچوں میں سے 2 میچز جیت چکی ہیں، جب کہ اس میچ کا نتیجہ پاکستان کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات پر بھی اثر انداز ہوگا۔