• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

فیروز خان نے علیزے سلطان کے خلاف نئی درخواست دائر کردی

شائع November 1, 2022
دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات دائر کر رکھے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات دائر کر رکھے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اداکار فیروز خان نے سابق اہلیہ علیزے سلطان کے خلاف عدالت کو گمراہ کرنے سے متعق ایک نئی درخواست دائر کردی، جس پر عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت پر دلائل کے لیے طلب کرلیا۔

علیزے سلطان اور فیروز خان کے درمیان بچوں کی حوالگی اور ان کے اخراجات سے متعلق دو الگ الگ کیسز فیملی کورٹ میں زیر سماعت ہیں، جس کی یکم نومبر کو ہونے والی سماعت پر فیروز خان نے ایک نئی درخواست دائر کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیروز خان کے وکیل فائق جاگیرانی نے بتایا کہ انہوں نے عدالت میں ایک نئی درخواست دائر کردی، جس پر انہیں آئندہ سماعت پر دلائل دینے کے لیے طلب کرلیا گیا۔

کورٹ رپورٹرز کے یوٹیوب چینل ’4 نیوز آن لائن‘ کے مطابق سماعت کے بعد علیزے سلطان کے وکیل قائم شاہ نے بتایا کہ فیروز خان کی درخواست پر عدالت نے اعتراض کرتے ہوئے ان کی وکیل کو آئندہ سماعت پر دلائل کے لیے طلب کرلیا ہے، اب اداکار کے وکیل عدالت میں ثابت کریں گے کہ علیزے سلطان نے کس طرح عدالت کو گمراہ کیا؟

دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

میڈیا سے بات کرتے ہوئے دونوں وکلا نے بتایا کہ بچوں کی حوالگی اور ان کے اخراجات سے متعلق چلنے والے دونون کیسز میں سے کوئی بھی کیس آج آگے نہیں بڑھ سکا۔

یہ بھی پڑھیں: علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر وائرل، فیروز خان پر پابندی کا مطالبہ

اب بچوں کے اخراجات کے حوالے سے کیس کی سماعت 5 نومبر جب کہ حوالگی کے کیس کی سماعت 27 نومبر کو ہوگی۔

بچوں کے اخراجات کا کیس علیزے سلطان نے دائر کر رکھا ہے جب کہ بچوں کی حوالگی کا کیس فیروز خان نے دائر کیا ہے اور دونوں کا کیس ایک ہی عدالت میں ہے اور دونوں کیسز کی سماعت کے دوران ہی فیروز خان کے وکیل نے یکم نومبر کو تیسری درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے دلائل کے لیے وکلا کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

اس سے قبل ہونے والی سماعت کے دوران علیزے سلطان نے عدالت میں خود پر تشدد کی پولیس اور میڈیکل رپورٹس جمع کروانے سمیت تشدد کی تصاویر بھی جمع کروائی تھیں، جس کے بعد ان پر تشدد کی تصاویر وائرل ہوگئی تھیں اور شوبز شخصیات نے فیروز خان پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔

دونوں کے درمیان گزشتہ دو سال سے کشیدہ تعلقات کی خبریں تھیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کے درمیان گزشتہ دو سال سے کشیدہ تعلقات کی خبریں تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

فیروز خان نے شوبز شخصیات کی تنقید کے بعد خود پر لگے الزامات کو مسترد کردیا تھا اور اب انہوں نے کورٹ میں درخواست جمع کروائی کہ علیزے سلطان نے عدالت کو بھی غلط رپورٹس جمع کرواکر کورٹ کو گمراہ کیا۔

تاہم اسی حوالےسے علیزے سلطان کے وکیل نے بتایا کہ جن لوگوں کو ان کی موکل کی رپورٹس پر شک ہے وہ خود تھانے اور اسپتال جاکر رپورٹس چیک کریں،

مزید پڑھیں: فیروز خان نے سابق اہلیہ پر تشدد کے الزامات مسترد کردیے

سماعت کے بعد علیزے سلطان کے بھائی نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پاس تشدد کی بہت ساری تصاویر ہیں مگر وہ اپنی پرائیویسی کا خیال رکھتے ہوئے انہیں شیئر نہیں کر رہے، انہوں نے سوشل میڈیا پر کچھ شیئر نہیں کیا جو لوگوں نے تصاویر شیئر کی تھیں وہ کورٹ ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

خیال رہے کہ علیزے سلطان اور فیروز خان کے درمیان ستمبر کے آغاز میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں نے 21 ستمبر کو سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا تھا کہ ان کے درمیان 3 ستمبر کو طلاق ہوگئی۔

دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش 2019 جب کہ رواں برس کے آغاز میں جوڑے کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش بھی ہوئی تھی۔

دونوں کے درمیان گزشتہ دو سال سے اختلافات کی خبریں تھیں مگر پھر ان کے ہاں رواں برس دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد خیال کیا گیا کہ ان کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے لیکن پھر ستمبر میں دونوں نے طلاق کی تصدیق کی۔

ستمبر میں دونوں نے تصدیق کی تھی کہ ان کے درمیان طلاق ہوگئی—فوٹو: انسٹاگرام
ستمبر میں دونوں نے تصدیق کی تھی کہ ان کے درمیان طلاق ہوگئی—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (1) بند ہیں

خان Nov 01, 2022 06:11pm
شوبز والوں کی شادی اور طلاق دونوں تشہیر کے لئے ہوتی ہیں. دونوں مل بیٹھ کر بچوں کا مستقبل طے کرو. آجاتے ہو ہر وقت میڈیا پر اپنے طلاق کی نمائش کرانے.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024