ٹی20 ورلڈ کپ: انگلینڈ کو چمپیئن بننے کیلئے 4 میچوں میں فتح چاہیے، کولنگ ووڈ

شائع October 31, 2022
ٹیم کی تیاری اچھی ہے اور برسبین کی وکٹ بھی عام طور پر اچھی ہوتی ہے—فوٹو: اے ایف پی
ٹیم کی تیاری اچھی ہے اور برسبین کی وکٹ بھی عام طور پر اچھی ہوتی ہے—فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ پال کولنگ ووڈ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ میں موسم کی خرابی کے بعد ناک آؤٹ کرکٹ کھیل رہی ہے جہاں ٹی20 ورلڈکپ میں عالمی چمپیئن بننے کے لیے 4 میچوں میں جیت کا ہدف ہے، جس کا آغاز برسبین میں نیوزی لینڈ کے ساتھ میچ سے ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں بارش کی وجہ سے ہونے والے میچ کے بعد ڈی ایل ایس طریقہ اپنانے سے انگلینڈ کو آئرلینڈ کے ہاتھوں بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پھر اسی مقام پر آسٹریلیا کے خلاف ان کا بے صبری سے انتظار کیا جانے والا باقی میچ کھیلے بغیر ختم کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ: آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 42 رنز سے شکست دے دی

ٹی20 ورلڈ کے گروپ ون واضح ہوتا جارہا ہے جہاں اب وہ 2 نومبر کو سرفہرست ٹیم نیوزی لینڈ کا سامنا کریں گے اور یہ جانتے ہوئے کہ کیویز گروپ کے گزشتہ دونوں میچوں میں کامیابی کے بعد یقینی طور پر سیمی فائنل تک رسائی کرنے والے دونوں ٹیموں میں سے ایک نظر آرہی ہے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ پال کولنگ ووڈ نے کہا کہ ابھی بہت جوش و خروش ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ اگر ہم اگلے چار میچوں میں بہتر کھیل سے کامیابی حاصل کر لیتے ہیں تو ہمیں ورلڈ کپ جیتنے کا موقع میسر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم اب ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں جہاں ہمیں لازمی طور پر جیتنے والے میچوں میں بھرپور انداز میں کھیلنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہماری توجہ کھیل پر ہے‘۔

پال کولنگ ووڈ نے مزید کہا کہ انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی نہ ملنے کی صورت میں سڈنی میں ہونے والے گروپ کے آخری میچ میں سری لنکا کی شکست پر انحصار کرنا پڑے گا اور اس کے ساتھ دیگر نتائج بھی ان کے حق میں جانے کی امید رکھنی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی

انگلینڈ کے اسسٹنٹ کوچ نے کہا کہ یہ ایک ایسی پوزیشن ہے جس میں آپ ورلڈ کپ جیتنے کے موقع میں رہنا چاہتے ہیں اور امید ہے کہ کل ہماری توانائی اور مہم کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کل (یکم نومبر) اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے جس سے ہمیں مزید تین میچوں میں بڑی حد تک سکون ملے گا۔

انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں زبردست مقابلے کے بعد شکست دی تھی اسی لیے پال کولنگ ووڈ کو توقع ہے کہ منگل کو گروپ ون کی سرفہرست ٹیم کے ساتھ اچھا مقابلہ ہوگا، جس نے دو میچوں میں کامیابی سمیٹی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

سابق آل راؤنڈر پال کولنگ ووڈ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی خلاف میچوں کی تاریخ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے ساتھ ہمیشہ ایک سخت مقابلہ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ باؤلرز نئے ہیں اور میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں اور بلے باز نیٹس میں کافی پراعتماد انداز میں کام کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ کل رات اس ٹاسک کو کیسے انجام دے سکتے ہیں اور برسبین کی وکٹ عام طور پر بہت اچھی رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی 20ورلڈ کپ2022: اب تک کی ٹاپ 5 اننگز

اسسٹنٹ کوچ نے زیرعتاب ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس کا دفاع کیا، جنہوں نے کبھی ٹی20 کرکٹ میں یادگار کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ضرورت ہوگی تو اسٹوکس ضرور بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے، ٹیم میں دباؤ کے وقت کھیلنے کے لیے اگر کسی کا نام آتا ہے تو وہ بین اسٹوکس ہیں۔

انگلینڈ کے اسسٹنٹ کوچ نے کہا کہ ہم سب ان کی صلاحیتوں سے واقف ہیں، وہ نہ صرف میچ جیتنے والی اننگز بلکہ شدید دباؤ میں کی حالت میں میچ جیتنے والی اننگز کھیلنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر بحرانی صور ہوتی ہے تو ہم چاہتے ہیں کہ بین اسٹوکس جیسا کھلاڑی میدان میں ہو اور میں بہت پراعتماد ہوں کہ بس ایک ایک اننگز کافی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025