• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

قومی ٹیم کی شکست پر زمبابوین صدر کا طنز، وزیر اعظم کا بھرپور جواب

شائع October 28, 2022
وزیر اعظم شہباز شریف نے زمبابوین صدر کو فتح پر مبارکباد بھی پیش کی— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
وزیر اعظم شہباز شریف نے زمبابوین صدر کو فتح پر مبارکباد بھی پیش کی— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی زمبابوے کے ہاتھوں شکست کے بعد زمبابوے کے صدر ایمرسن ڈیمبڈزو مننگواگا نے اپنی ٹیم کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ٹیم کا مذاق بھی اڑایا جس پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے انہیں بھرپور جواب دیتے ہوئے کھیل کو اس کی روح کے مطابق کھیلنے کا سبق سکھایا۔

گزشتہ روز پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی تھی۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ: زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی

اس شکست کے بعد قومی ٹیم کو ناقص کارکردگی بالخصوص ابتر بیٹنگ پر شدید تنقید کا سامنا ہے لیکن شائقین کرکٹ کو اس وقت شدید حیرانی ہوئی جب زمبابوے کے صدر نے شکست پر پاکستانی ٹیم کا مذاق اڑانے کی کوشش کی۔

زمبابوے کے صدر نے فتح کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ زمبابوے کو شاندار فتح پر مبارکباد، پاکستان اگلی مرتبہ اصل ’مسٹر بین‘ بھیجے۔

دراصل زمبابوے کے صدر 2016 میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دے رہے تھے جب پاکستانی مزاحیہ اداکار آصف محمد نے زمبابوے کا سفر کیا تھا اور وہاں خود کو عالمی شہرت یافتہ مزاحیہ کردار ’مسٹر بین‘ ثابت کرنے کی کوشش کی تھی حالانکہ یہ کردار مشہور اداکار رونی ایٹکنسن نے ادا کیا ہے۔

زمبابوین صدر کا یہ انداز پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ وزیراعظم شہباز شریف کو بھی ہرگز پسند نہ آیا اور انہوں نے صدر ایمرسن کو اس کا بھرپور جواب دیا۔

شہباز شریف نے جواب دیا کہ شاید ہمارے پاس اصل مسٹر بین نہیں لیکن ہمارے پاس کرکٹ کا حقیقی جذبہ ہے، اور ہم پاکستانیوں کی یہ پُرمزاح عادت ہے کہ ہم بہترین واپسی کرتے ہیں۔

وزیراعظم پاکستان نے اس کے ساتھ ساتھ زمبابوے کے صدر کو فتح پر مبارکباد بھی دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔

واضح رہے کہ زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 130رنز بنائے تھے، محمد وسیم جونیئر نے میچ میں چار وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایسا لگا جیسے قومی ٹیم بھارت کے خلاف شکست کو بھول نہیں سکی‘

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مستقل مسائل سے دوچار رہی اور مقررہ اوورز میں قومی ٹیم 129رنز ہی بنا سکی۔

اس میچ میں شکست کے ساتھ ابتدائی دونوں میچوں میں ناکامی سے دوچار ہونے والی قومی ٹیم کے ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات انتہائی معدوم ہوگئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024