• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

فیروز خان نے سابق اہلیہ پر تشدد کے الزامات مسترد کردیے

شائع October 26, 2022 اپ ڈیٹ November 9, 2022
فیروز خان کے مطابق انہوں نے جان بوجھ کر کسی انسان کو تکلیف نہیں دی—فوٹو: انسٹاگرام
فیروز خان کے مطابق انہوں نے جان بوجھ کر کسی انسان کو تکلیف نہیں دی—فوٹو: انسٹاگرام

معروف ادکار فیروز خان نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنی سابق اہلیہ علیزے سلطان کی تشدد کی تصاویر کے بعد خود پر لگنے والے الزامات پر وضاحت کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کسی انسان کو کوئی تکلیف نہیں پہنچائی۔

فیروز خان پر سابق اہلیہ علیزے سلطان نے تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے کراچی کی مقامی عدالت میں اس ضمن میں شواہد بھی جمع کروائے تھے اور دو دن قبل ان کی تشدد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے بھی فیروز خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر شوبز میں پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔

علیزے سلطان اور فیروز خان کے درمیان گزشتہ ماہ 21 ستمبر کو طلاق ہوگئی تھی، جس کے بعد فیروز خان نے بچوں کی حوالگی سے متعلق کراچی کی مقامی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا، جس کی سماعتیں جاری ہیں اور اسی کیس میں ہی علیزے سلطان نے خود پر تشدد کے شواہد عدالت میں پیش کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر وائرل، فیروز خان پر پابندی کا مطالبہ

علیزے سلطان کی جانب سے عدالت میں پیش کی جانے والی مبینہ تصاویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے فیروز خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

تاہم اب فیروز خان نے خود پر لگائے گئے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے بدنام کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا۔

فیروز خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں علیزے سلطان کا نام لکھے بغیر لکھا کہ ان کے اوپر لگائے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، وہ اپنے اوپر لگائے گئے تمام من گھڑت الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر جس طرح کی الزام تراشی ان کے اوپر کی جا رہی ہے، اس کا سچائی سے کوئی لینا دینا نہیں اور وہ بدنام کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے اور اس ضمن میں انہوں نے اپنی ٹیم کو ہدایات بھی کردی ہیں۔

فیروز خان نے مزید لکھا کہ وہ تمام قوانین کا احترام کرتے ہیں، وہ ہر انسان کے حقوق کو مانتے ہیں، انہوں نے کسی بھی انسان کو جان بوجھ کر کوئی تکلیف نہیں پہچائی۔

اداکار نے لکھا کہ وہ کرہ ارض پر بسنے والے انسان کے حقوق کو تسلیم کرتے ہیں اور ان کا احترام بھی کرتے ہیں۔

دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

اگرچہ فیروز خان نے سابق اہلیہ پر تشدد کے الزامات پر خود واضح طور پر وضاحت کی ہے، تاہم علیزے سلطان نے حالیہ تشدد کی تصاویر کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر نہیں کیا تھا لیکن اس سے قبل 21 ستمبر کو طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نےبتایا تھا کہ سابق شوہر ان پر تشدد کرتے تھے۔

دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2019 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد 2020 میں ہی ان کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں مگر رواں برس کے آغاز میں جوڑے کے ہاں دوسری بچی کی پیدائش کے بعد خیال کیا گیا کہ ان کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے۔

لیکن حیران کن طور پر دوسرے بچے کی پیدائش کے چند ماہ بعد ان کے درمیان طلاق ہوگئی۔

شادی کے دو سال بعد ہی 2020 میں دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں آنا شروع ہوئی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام
شادی کے دو سال بعد ہی 2020 میں دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں آنا شروع ہوئی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024