• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ٹی 20 ورلڈ کپ: میلبرن میں پاک-بھارت اعصاب شکن معرکہ

شائع October 22, 2022
پاکستان کے کپتان بابر اعظم —فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے کپتان بابر اعظم —فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کا روایتی حریف بھارت کے ساتھ ٹی20 ورلڈ کپ کا بڑا مقابلہ کل (اتوار 23 اکتوبر) کو آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کھیلا جائے گا۔

کرکٹ کے میدان میں پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں طویل عرصےسے روایتی حریف ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ دنیا بھر میں اعصاب شکن مقابلہ سمجھا جاتا ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کو پاک-بھارت میچ دلچسپ ہونے کی توقع ہے تاہم آئی سی سی ورلڈ کپ کی تاریخ میں بھارت کا پلڑا بھاری رہا ہے، بھارت نے 13 میچ جبکہ پاکستان نے صرف ایک میچ جیتا ہے، بھارت نے ایک روزہ میچوں کے ورلڈ کپ میں کھلیے گئے اب تک کے تمام 7 میچوں میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔

پاکستان نے ورلڈ کپ ٹی20 کے 6 مقابلوں میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-بھارت میچ: ٹیم تیار ہے، 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، بابر اعظم

دونوں ٹیموں کے درمیان جو میچ کھیلے گئے ہیں، ان میں بھارت کی طرف سے چند یادگار لمحات کو شیئر کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان کے لیے بھی متعدد اچھے لمحات خوشی کے اظہار کے لیے کافی تصور کیے جاتے ہیں۔

پاکستان کی طرف سے ناقابل یقین اور یادگار لمحات میں 1986میں شارجہ میں آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں جاوید میانداد کی طرف سے مارا جانے والا چھکا شامل ہے، جو چیتن شرما کی گیند پر مارا تھا جب پاکستان کو آخری گیند پر جیتنے کے لیے 4 رنز کی ضرورت تھی اورچیتن شرما نے آخری بال کروائی تھی۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

1999 میں بھارت میں منعقدہ ایشیا کپ ٹیسٹ چمپئین شپ میں سعید انور نے 188 رنز بنا کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

شارجہ میں کھیلی گئی ویلز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے عاقب جاوید نے ہیٹ ٹرک کی تھی اور 10 اوورز میں 37 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان نے بھارت میں 2006 میں ہونے والی سیریز میں ابتدائی دو ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں شکست کے باوجود کامیابی حاصل کی تھی، پاکستان نے 2-4 سے سیریز جیتنے کے لیے اگلے چاروں ون ڈے انٹرنیشنل میں فتح سمیٹی تھی، یہ پاکستان کی مشہور کامیابی تھی کیونکہ بھارت کا دورہ کرنے والی یہ پاکستان کی سب سے کمزور ٹیم قرار دی جارہی تھی۔

اسی طرح پاکستان نے 2009 میں چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو 54 رنز سے شکست دی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی موجودہ ٹیم بہت چیلنجنگ ہے، روہت شرما

پاکستان نے 2017 میں لندن کے اوول میں آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دی تھی، یہ پاکستان کی آئی سی سی کے ون ڈے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے فائنل میں سب سے بڑے مارجن سے فتح تھی۔

پاکستان نے 2021 میں ٹی20 ورلڈکپ کے ابتدائی میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے ہرایا تھا، گزشتہ مہینے پاکستان نے ایشیا کپ کے مقابلے میں بھی بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان، فخر زمان، آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور حارث رؤف شامل ہیں۔

بھارتی اسکواڈ میں کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، لوکیش راہل، سوریا کمار یادیو، ریشابھ پنٹ، دنیش کارتھک، دیپک ہوڈا، روی چندرن ایشون، بھوونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ، ہرشل پٹیل، یوویندرا چاہل، اکشر پٹیل، ہردک پانڈیا اور محمد شامی شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024