• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ٹی20 ورلڈ کپ: زمبابوے سپر12مرحلے میں داخل، اسکاٹ لینڈ کو شکست

شائع October 21, 2022
زمبابوے سپر 12 کے گروپ ٹو میں شامل ہوگئی ہے جہاں پاکستان سمیت دیگر ٹیمیں موجود ہیں—فوٹو: اے ایف پی
زمبابوے سپر 12 کے گروپ ٹو میں شامل ہوگئی ہے جہاں پاکستان سمیت دیگر ٹیمیں موجود ہیں—فوٹو: اے ایف پی

زمبابوے نے سکندر رضا کی شان دار کارکردگی کی بدولت ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سپر12 کے گروپ 2 میں جگہ بنالی۔

ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ٹیم ایک بڑا اسکور ترتیب میں دینے میں ناکام رہی۔

اسکاٹ لینڈ کی دو وکٹیں 24 رنز پر گر گئیں، مائیکل جونز 4 اور میتھیو کراس ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جارج منسے اور کپتان رچی بیرنگٹن کی شراکت میں اسکور 64 رنز تک پہنچا اور کپتان 13 رنز بنا کر سکندر رضا کی وکٹ بن گئے۔

اسکاٹ لینڈ کا اسکور 98 رنز پر پہنچا تو جارج مہنسے 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹیم کی چوتھی وکٹ گرگئی۔

کیلکم میکلیوڈ 25 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دوسرے اینڈ سے مائیکل لیسک 12 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔

مزاربانی نے مائیکل لیسک کی وکٹ حاصل کی جبکہ کرس گریویس اور جوش ڈیوی نے آؤٹ ہوئے بغیر بالترتیب 3 اور 4 رنز بنائے۔

اسکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 132 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے ٹینڈائی چاتارا اور رچرڈ نگاروا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

زمبابوے نے ہدف کا تعاقب ناقص انداز میں شروع کیا جہاں پہلی وکٹ 4 اور دوسری وکٹ 7 رنز پر گری۔

کپتان کریگ ارون نے نصف سنچری کی مدد سے ٹیم کو مشکلات سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ تجربہ کار بلے باز سین ولیمز 7 رنز بنا کر 42 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

سکندر رضا نے اپنی زبردست فارم جاری رکھتے ہوئے ٹیم کے لیے 23 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے تاہم ایک ایسے وقت پر ڈیوی کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب ٹیم کو جیت کے لیے 27 رنز درکار تھے۔

زمبابوے کے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز کپتان کریگ ارون تھے جنہوں نے ذمہ دارانہ انداز میں 54 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے شامل تھے۔

ملٹن شمبا اور ریان برل نے آؤٹ ہوئے بغیر بالترتیب 11 اور 9 رنز بنا کر ٹیم کو 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر 133 رنز بنا کر فتح دلائی۔

زمبابوے نے اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں جگہ بنالی۔

سکندر رضا کو شان دار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا۔

پہلے مرحلے میں گروپ بی سے آئرلینڈ کی ٹیم نے دو مرتبہ کی چمپیئن ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سپر 12 مرحلے تک رسائی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

زمبابوے نے گروپ بی میں سرفہرست ٹیم کی حیثیت سے سپر 12 مرحلے میں گروپ 2 میں جگہ بنائی جہاں بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور گروپ اے کی کوالیفائنگ ٹیم نیدرلینڈز شامل ہیں۔

گروپ اے سے سری لنکا اور نیدرلینڈز پہلے ہی سپر12 مرحلے تک پہنچ چکی ہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز 22 اکتوبر کو میزبان اور دفاعی چمپیئن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔

پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا جبکہ میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024