• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ٹی20 ورلڈ کپ: سکندر رضا کی شاندار بیٹنگ، زمبابوے کے ہاتھوں آئرلینڈ کو شکست

شائع October 17, 2022
زمبابوے کے سکندر رضا نے سب سے زیادہ 82 رنز بنائے—فوٹو: اے ایف پی
زمبابوے کے سکندر رضا نے سب سے زیادہ 82 رنز بنائے—فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں زمبابوے نے اپنے پہلے میچ سکندر رضا کی شان دار بیٹنگ کی بدولت آئرلینڈ کو باآسانی 31 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ پہلے مرحلے کے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں دوسرا بڑا اپ سیٹ، دو مرتبہ کی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو شکست

زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں کا نقصان شروع میں ہی اٹھانا پڑا، ریگس چیکابوا صفر ، کپتان کریگ ایرون 9 اور ویسلے میدھیور 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سکندر رضا اور سین ولیمز نے 37 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ایک اچھی شراکت بنائی اور اسکور 79 رنز تک پہنچایا اور اس موقع پر ولیمز 12 رنز بنا کر سیمی سنگھ کی وکٹ بنے۔

زمبابوے نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں اسکور 137 تک پہنچایا اور ملٹن شمبا 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد ریان برل ایک رن بنا سکے۔

لیوک جونگوے نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکندر رضا کا بھرپور ساتھ دیا، دوسری طرف سکندر رضا نے نصف سنچری بنائی۔

سکندر رضا نے 48 گیندوں پر 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے اور آخری گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ جونگوے نے آؤٹ ہوئے بغیر 20 رنز بنائے۔

زمبابوے نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 174 رنز بنائے۔

آئرلینڈ کے جوش لٹل نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کا آغاز بھی مایوس کن تھا جہاں ان کی ابتدائی 4 وکٹیں 22 رنز پر گر چکی تھیں۔

زمبابوے کے مزاربانی نے شان دار باؤلنگ کی اور آئرلینڈ کی ابتدائی دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو کھلاڑیوں کو نیگاروا نے آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: نیدرلینڈز نے یو اے ای کو شکست دے دی

کرٹس کیمفر نے 27، جارج ڈوکریل اور گاریتھ ڈیلنے نے 24،24 رنز بنا کر ٹیم کو مشکل سے ضرور نکالا لیکن فتح دلانے میں ناکام ہوئے۔

آخری اوورز میں بیری مک کارتھی نے 16 گیندوں پر ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 22 رنز بنا کر میچ میں جان ڈال دی لیکن وہ ان کی کوششیں بھی ٹیم کی نیا پار نہیں لگاسکیں۔

آئرلینڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 143 رنز بنائے اور میچ 31 رنز سے ہار گئی۔

مزاربانی نے زمبابوے کی جانب سے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔

سکندر رضا کو شان دار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں اسکاٹ لینڈ نے دو مرتبہ کی ٹی20 چمپیئن ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اپ سیٹ کردیا تھا، اسی طرح ایک روز قبل نمیبیا نے سری لنکا جیسی مضبوط ٹیم کو زیر کرلیا شان دار آغاز کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024