• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

اداکارہ مہربانو کی شادی کی تصاویر وائرل

شائع October 10, 2022
اداکارہ نے شادی سے متعلق کوئی پوسٹ نہیں کی—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے شادی سے متعلق کوئی پوسٹ نہیں کی—اسکرین شاٹ

’میرے پاس تم ہو، غلطی، خدا اور محبت‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ مہربانو کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

اداکارہ نے رواں برس فروری میں پروڈیوسر شاہ رخ علی کے ساتھ خاموشی سے منگنی کی تھی اور انہوں نے اپنی منگنی سے متعلق بھی باضابطہ اعلان نہیں کیا تھا۔

اداکارہ کی منگنی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی تھی، تاہم مہربانو نے منگنی سے متعلق کوئی وضاحت جاری نہیں کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ مہربانو کی منگنی کی تصاویر وائرل

اور اب ان کی خاموشی سے شادی کرنے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی وائرل ہوگئیں اور حیران کن طور پر انہوں نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر نہیں کیں۔

ان کے شریک حیات پروڈیوسر شاہ رخ علی نے بھی شادی کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر نہیں کیں، تاہم مہربانو کا میک اپ کرنے والے آرٹسٹ نے ان کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ کی شادی کا دعویٰ کیا۔

میک اپ آرٹسٹ سعد سمیع نے مہربانو کی مہندی اور بارات کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اگرچہ بتایا کہ اداکارہ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں، تاہم انہوں نے ان کی شادی سے متعلق مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

میک اپ آرٹسٹ نے 8 اکتوبر کو مہربانو کی مہندی کی ویڈیو شیئر کی جب کہ 9 اکتوبر کو انہوں نے ان کی بارات کی ویڈیو شیئر کی، جس میں مہربانو کو عروسی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

میک اپ آرٹسٹ کے مطابق مہربانو رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں، تاہم انہوں نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ ان کی شادی کہاں اور کس تاریخ کو ہوئی؟

اداکارہ کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے پر مداحوں اور اہم شخصیات نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔

اداکارہ مہربانو کو نہ صرف ان کی بولڈ اداکاری بلکہ انہیں ان کے لباس اور بیانات کی وجہ سے بھی کافی شہرت حاصل ہے، انہوں نے ماضی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ مجرا دراصل مسلمانوں کی ہی تخلیق ہے۔

اداکارہ نے فروری 2022 میں منگنی کی تھی—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے فروری 2022 میں منگنی کی تھی—اسکرین شاٹ

اسی طرح انہوں نے گزشتہ سال ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں خواتین کو جنسی ہراسانی کا سامنا ہونے پر اس کی شکایت کرنے کا کوئی بھی پلیٹ فارم یا طریقہ کار موجود نہیں ہے اور شوبز کی خواتین کے پاس خاموش رہنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔

اداکارہ نے مذکورہ انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر اداکاراؤں کو اتنا تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے کہ ان کی ذاتی و ازدواجی زندگی خاندانی زندگی بھی تباہ ہوجاتی ہے اور بعض مرتبہ تنقید کی وجہ سے لوگ خودکشی جیسا قدم تک اٹھا لیتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی خاتون کا دوپٹہ ادھر سے ادھر ہوجائے یا پھر لباس تھوڑا ہٹ جائے تو ہنگامہ مچ جاتا ہے، ایسی خواتین کو خاندان اور دوستوں سمیت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ایسی خواتین خود کو زمین پر بوجھ سمجھ کر ڈپریشن کا شکار بن جاتی ہیں اور پھر خودکشی جیسے واقعات ہوتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024