علی فضل اور ریچا چڈا کی جانب سے ڈھائی سال قبل شادی کیے جانے کا انکشاف
بولی وڈ اداکار علی فضل اور اداکارہ ریچا چڈا کی جانب سے ڈھائی سال قبل قانونی طور پر شادی کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ اب انہوں نے صرف رشتے داروں اور دوستوں کے لیے تقریبات کا اہتمام کیا ہے۔
’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریچا چڈا اور علی فضل کے ترجمان نے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دونوں ڈھائی سال قبل ہی قانونی طور پر شادی کر چکے تھے، اب صرف انہوں نے لوگوں کے لیے رسومات ادا کی ہیں۔
ترجمان کے مطابق دونوں شخصیات نے رشتے داروں اور بولی وڈ شخصیات کے لیے نئی دہلی، لکھنئو اور ممبئی میں الگ الگ تقریبات کا اہتمام کیا اور دکھاوے کے لیے شادی کی رسومات بھی ادا کیں جب کہ دونوں نے قانونی طور پر ڈھائی سال قبل ہی شادی کی رجسٹریشن کرالی تھی۔
اداکاروں کے ترجمان نے مذکورہ وضاحت ایک ایسے وقت میں کی ہے جب کہ دونوں نے اپنے انسٹاگرام پر ایک آڈیو کلپ جاری کی تھی،جس میں دونوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے شادی ڈھائی سال قبل رجسٹرڈ کروائی تھی۔
اسی حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ جوڑے کی جانب سے ممبئی میں رکھی گئی بولی وڈ شخصیات کی تقریب سے قبل ہی ان کے ترجمان نے تصدیق کی کہ دونوں ڈھائی سال قبل شادی کر چکے تھے۔
’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق دونوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے اپنی شادی 2020 کے آغاز میں ہی قانونی طور پر رجسٹرڈ کروادی تھی اور اب صرف رشتے داروں اور دوستوں کے لیے تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب دونوں نے ممبئی میں بولی وڈ شخصیات کے لیے تقریب کا اہتمام کیا، جس میں متعدد معروف بولی وڈ شخصیات نے شرکت کی اور نوبیاہتا جوڑے نے مختلف گانوں پر ڈانس بھی کیا۔
ممبئی میں 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب تقریب منعقد کیے جانے سے قبل دونوں نے 2 اور تین اکتوبر کو ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنئو جب کہ ستمبر کے اختتام اور اکتوبر کے آغاز میں نئی دہلی میں تقریب کا اہتمام کیا تھا۔
دونوں نے شادی کی تقریبات کے موقع پر مختلف فوٹوشوٹ بھی کروائے تھے، جنہیں شیئر کرتے ہوئے دونوں نے ایک دوسرے کے لیے محبت کا اظہار بھی کیا، تاہم دونوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ انہوں نے شادی کی۔
دونوں کی تصاویر سامنے آنے کے بعد بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں نے 3 اور 4 اکتوبر کے درمیان لکھنئو میں شادی کرلی، تاہم اب جوڑے کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ دونوں نے شادی نہیں کی بلکہ رسومات ادا کی ہیں، کیوں کہ ان کی شادی ڈھائی سال قبل ہی ہوچکی تھی۔