• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

لگاتار دوسری فلائٹ مس کرنے پر ہٹمائر ویسٹ انڈیز کے ورلڈ کپ اسکواڈ سے ڈراپ

شائع October 4, 2022
شیمرون ہٹمائر کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا— فائل فوٹو: ڈان نیوز
شیمرون ہٹمائر کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا— فائل فوٹو: ڈان نیوز

ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ کے لیے فلائٹ شیڈول کرانے کے باوجود مس کرنے پر نامور بلے باز شیمرون ہٹمائر کو ورلڈ کپ اسکواڈ سے ڈراپ کردیا۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہٹمائر کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا ہے اور ہٹمائر کی جگہ شمارا بروکس کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف شکست سے خامیاں عیاں ہونے کے باوجود بابر بہتر کارکردگی کیلئے پُرعزم

ویسٹ انڈیز کا بقیہ اسکواڈ کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے اختتام پر مختلف گروپس میں آسٹریلیا پرواز کر گیا تھا جبکہ لیگ میں گیانا ایمازون واریئرز کے کپتان شیمرون ہٹمائر کو یکم اکتوبر کو آسٹریلیا روانہ ہونا تھا۔

تاہم کچھ نجی مسائل کے سبب انہوں نے اپنی فلائٹ کا شیڈول تبدیل کرا کر کسی اور دن ٹکٹ بک کرنے کی درخواست کی تھی جسے بورڈ نے قبول کر کے ان کے لیے پیر کے دن کا ٹکٹ بک کرایا تھا۔

البتہ اس پرواز پر بھی وہ سوار نہ ہو سکے اور بورڈ کے ڈائریکٹر جمی ایڈمز کو فون کر کے محض اتنا بتایا کہ وہ سفر نہیں کر سکیں گے۔

ویسٹ انڈین بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ذاتی مسائل کے سبب ہٹمائر کی یکم اکتوبر کی فلائٹ کو ری شیڈول کیا گیا تھا اور فلائٹ کی دستیابی کے کڑے چیلنج کے باوجود ان کے لیے سیٹ کا انتظام کیا گیا تھا جس میں انہیں پیر کو گیانا سے روانہ ہونا تھا لیکن آج صبح ڈائریکٹر آف کرکٹ کو بتایا کہ وہ نیویارک کے لیے پرواز کے لیے بروقت ایئرپورٹ نہیں پہنچ سکیں گے۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کے سلیکشن پینل نے اس عمل کے بعد متفقہ طور پر شیمرون ہٹمائر کو ورلڈ کپ اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ نے پاکستان کو ساتویں ٹی20 میں باآسانی شکست دے کر سیریز3-4 سے جیت لی

جمی ایڈمز نے کہا کہ ہم نے ہٹمائر کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ مزید تاخیر کی صورت میں وہ ورلڈ کپ میں جگہ سے محروم ہو سکتے ہیں۔

ہٹمائر کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیے گئے شمارا بروکس رواں ہفتے کے آخر میں آسٹریلیا روانہ ہوں گے لیکن وہ آسٹریلیا کے خلاف دو ٹی20 میچوں کی سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور براہ راست میلبرن میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

دو مرتبہ کی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کرے گی جہاں وہ آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے کے ہمراہ گروپ ’بی‘ میں موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024