عثمان وزیر ورلڈ پروفیشنل باکسنگ ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی باکسر بن گئے
پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے تھائی لینڈ کے سومفوٹ سیسا کو شکست دے کر ورلڈ یوتھ ٹائٹل حاصل کرلیا اور پروفیشنل باکسنگ کا ورلڈ ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق بنکاک میں ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کے تحت ورلڈ یوتھ ٹائٹل کے مقابلے میں 22 سالہ عثمان وزیر نے اپنے 23 سالہ ٹاپ رینک حریف پر پہلے راؤنڈ میں ہی دباؤ ڈالنا شروع کیا اور آخر تک اپنی برتری برقرار رکھی۔
عثمان وزیر نے دائیں اور بائیں دونوں جانب سے زوردار مکوں بارش کی، جس کے نتیجے میں سومپوٹ سیسا چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہوگئے۔
خیال رہے کہ نوجوان باکسر عثمان وزیر اس سے قبل اپنی 8 پروفیشنل مقابلوں میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔
ایشین بوائے کے نام سے مشہور عثمان وزیر اس جیت کے بعد ڈبلیو بی او کی ویلٹر ویٹ عالمی درجہ بندی میں بھی آ گئے ہیں۔
عثمان وزیر نے رواں سال جون میں اپنے حریف فاٹیفن کرونگ لانگ کو اپنے آبائی شہر گلگت بلتستان میں سخت مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔
اس مقابلے میں کامیابی کے بعد عثمان وزیر نے ڈبلیو بی اے ایشین ویلٹر ویٹ چمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا تھا۔