• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

علیزے سلطان نے اداکار فیروز خان سے علیحدگی کی تصدیق کردی

شائع September 22, 2022
علیزے سلطان  نے اپنے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق  کردی —فائل فوٹو
علیزے سلطان نے اپنے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی —فائل فوٹو

پاکستانی اداکار فیروز خان کی اہلیہ علیزے سلطان نے جسمانی اور نفسیاتی تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے اپنے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری بیان میں علیزے سلطان نے کہا کہ 'ہماری 4 سال کی شادی سراسر افراتفری کا شکار رہی اور اس عرصے میں مسلسل جسمانی اور نفسیاتی تشدد کے علاوہ اپنے شوہر کے ہاتھوں بلیک میلنگ، بے وفائی اور رسوائی بھی برداشت کرنا پڑی'۔

علیزے سلطان نے لکھا کہ ’بہت غور و فکر کے بعد میں اس افسوس ناک نتیجے پر پہنچی ہوں کہ میں اپنی پوری زندگی اس ہولناک طریقے سے نہیں گزار سکتی‘۔

انہوں نے کہا کہ میرے بچوں کی بہتری اور بھلائی نے اس فیصلے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزید پڑھیں: کیا فیروز خان اور ان کی اہلیہ میں اختلافات ختم ہوچکے؟

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نہیں چاہتی کہ میرے بچوں کی پرورش اس گھٹن، غیر صحت مند اور پرتشدد ماحول میں ہو، مجھے ڈر ہے کہ ان کی ذہنی نشوونما اور زندگی کے بارے میں نکتہ نظر اس طرح کے پرتشدد ماحول کے سامنے منفی طور پر متاثر ہوگا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'کسی بھی بچے کو رشتوں میں تشدد کو معمول کا حصہ سمجھتے ہوئے بڑا نہیں ہونا چاہیے'۔

علیزے سلطان نے کہا کہ 'میں اس کے بجائے انہیں سکھاؤں گی کہ کوئی زخم اتنا گہرا نہیں ہوتا کہ مندمل نہ ہو سکے، کوئی خوف اتنا بھی شرم ناک نہ ہو کہ کسی کی حفاظت کی قیمت پر چھپایا جائے'۔

واضح رہے کہ اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ سے پہلے چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں کہ دونوں کے اختلافات ختم ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیروز خان اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں

اس سے قبل دسمبر 2020 میں سوشل میڈیا پر ایسی خبریں پھیلی تھیں کہ دونوں میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں اور بعدازاں کچھ سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ ان کے درمیان طلاق بھی ہوگئی۔

فیروز خان اور اہلیہ کی جانب سے علیحدگی اور طلاق کی افواہوں پر کوئی واضح بیان نہ دیے جانے کے بعد علیزے سلطان کی انسٹاگرام اسٹوری کا اسکرین شاٹ وائرل ہوا تھا۔

مارچ 2020 میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر کے مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی کا اعلان کرنے والے فیروز خان اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں وائرل ہو رہی تھیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی دونوں کی علیحدگی کی خبروں میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دونوں میں ذاتی رنجش کے باعث کچھ عرصہ قبل ہی علیحدگی ہوگئی تھی۔

بعدازاں، یکم دسمبر 2020 کو بعض سوشل میڈیا پیجز اور یوٹیوب چینلز پر خبریں وائرل ہوئیں کہ اداکار فیروز خان اور ان کی اہلیہ علیزے سلطان کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر چلنے والی بعض خبروں میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ دونوں میں علیحدگی نہیں بلکہ طلاق ہوچکی تھی۔

مزید پڑھیں: فیروز خان کا اہلیہ سے علیحدگی کے معاملے پر بات کرنے سے گریز

بعد ازاں فیروز خان نے ان افواہوں پر کھل کر بات کی تھی لیکن اس کے باوجود انہوں نے خاندانی معاملات پر میڈیا کے سامنے واضح طور پر بات کرنے سے گریز کیا تھا۔

فیروز خان نے ایک پروگرام میں ایک سوال پر اہلیہ سے علیحدگی یا ان سے تعلقات کشیدہ ہونے کے معاملے پر بات کرنے سے معذرت کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اپنی نجی زندگی سے متعلق میڈیا پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔

یاد رہے کہ فیروز خان اور علیزے سلطان نے مارچ 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں مئی 2019 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

فیروز خان نے شادی کے دو سال بعد مارچ 2020 میں شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا مگر اب وہ دوبارہ اداکاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024