• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کرکٹ کا بڑا اپ سیٹ، آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر زمبابوے کے ہاتھوں تاریخی شکست

شائع September 3, 2022
یہ زمبابوے کی آسٹریلین سرزمین پر میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پہلی فتح ہے— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
یہ زمبابوے کی آسٹریلین سرزمین پر میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پہلی فتح ہے— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

زمبابوے کی ٹیم نے کرکٹ کی تاریخ کا بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے فُل اسٹرینتھ آسٹریلین ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کر لی۔

ٹاؤنز ولی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ابتدا سے ہی عمدہ کھیل پیش کیا لیکن دوسرے اینڈ سے ایک ایک کر کے کھلاڑی پویلین لوٹتے رہے۔

کپتان ایرون فنچ پانچ، اسٹیون اسمتھ ایک، ایلکس کیری چار، مارکس اسٹوئنس اور کیمرون گرین تین، تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو آسٹریلیا کی ٹیم 72رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہو چکے تھے۔

یہ رنز بھی ڈیوڈ وارنر کی مرہون منت تھے جو اس وقت تک اپنی نصف سنچری مکمل کر چکے تھے۔

اس مرحلے پر وارنر کا ساتھ دینے گلین میکسویل آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 57 رنز کی شراکت قائم کی، اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ یہ دونوں مل کر آسٹریلیا کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنا دیں گے لیکن ریان بُرل کے بہترین اسپیل نے آسٹریلیا کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

ریان بُرل نے پہلے 19 رنز بنانے والے میکسویل کے ساتھ ساتھ ایشٹن ایگار کو بھی چلتا کردیا لیکن انہیں اور زمبابوے کی ٹیم کو سب سے بڑی کامیابی اس وقت ملی جب اگلے اوور میں انہوں نے 94 رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر کو چلتا کردیا۔

زمبابوین اسپنر نے مچل اسٹارک اور جوش ہیزل وُڈ کو چلتا کر کے آسٹریلیا کو 141 رنز پر چلتا کردیا۔

زمبابوے کی جانب سے ریان بُرل نے تین اوورز میں 10 رنز کے عوض پانچ جبکہ بریڈ ایونز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوین اوپنرز نے ٹیم کو 38 رنز کا آغاز فراہم کر کے فتح کی بنیاد رکھی لیکن 77 کے مجموعی تک پہنچتے پہنچتے زمبابوے کی ٹیم بھی پانچ کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس موقع پر کپتان ریگس چکابوا نے کیپٹن اننگز کھیلتے ہوئے تونی مون یونگا کے ساتھ 38 قیمتی رنز کی شراکت قائم کی جبکہ ریان بُرل کے ساتھ بھی ساتویں وکٹ کے لیے 22 رنز جوڑے۔

زمبابوے کی ٹیم نے 39ویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے تاریخی فتح اپنے نام کر لی اور سیریز میں 1-2 سے ناکامی کے باوجود اسے یادگار بنا لیا، چکابوا نے 37 رنز کی جرات مندانہ اننگز کھیلی۔

یہ فتح زمبابوے کے لیے اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ ان کی آسٹریلین سرزمین پر میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پہلی فتح ہے۔

ریان بُرل کو پانچ وکٹوں کے ساتھ ساتھ تین کیچ لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024