• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am

صدر عارف علوی اپنے فرائض سرانجام نہیں دے سکتے تو استعفیٰ دے دیں، رضا ربانی

شائع August 7, 2022
سینیٹر رضا ربانی نے صدر عارف علوی کے خلاف 6 نکاتی چارج شیٹ پیش کی — فائل فوٹو: ڈان نیوز/اے پی
سینیٹر رضا ربانی نے صدر عارف علوی کے خلاف 6 نکاتی چارج شیٹ پیش کی — فائل فوٹو: ڈان نیوز/اے پی

سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کی نماز جنازہ میں صدر مملکت کی غیر حاضری گہری تشویش کا باعث ہے، اگر ڈاکٹر عارف علوی سیاسی وابستگی کی وجہ سے اپنا فرض ادا نہیں کر سکتے تو مستعفی ہوجائیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پاک فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوسناک سوشل میڈیا مہم پر ملک کی مسلح افواج اور شہدا کے اہل خانہ کے گہرے رنج اور غصے کے اظہار کے بعد اتحادی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

شہدا کے جنازے میں صدر عارف علوی اور سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کی عدم شرکت سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ہیلی کاپٹر حادثہ، سوشل میڈیا پر غلط پروپیگنڈا ناقابل قبول ہے، ترجمان پاک فوج

تاہم صدر عارف علوی نے اس معاملے کو غیر ضروری طور پر متنازع بنانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور نفرت انگیز ٹوئٹس کرنے والوں کی مذمت کی۔

گزشتہ روز ایک بیان میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے صدر عارف علوی کے خلاف 6 نکاتی چارج شیٹ پیش کی اور نشاندہی کی کہ آئین کے آرٹیکل 243 (2) کے تحت مسلح افواج کی سپریم کمانڈ صدر مملکت کے سپرد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر صدر بطور سپریم کمانڈر اپنے فرائض سرانجام دینے سے قاصر ہیں تو انہیں مستعفی ہوجانا چاہیے۔

رضا ربانی نے کہا کہ سپریم کمانڈر کا کسی مشورے یا کسی اور بنیاد پر شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت نہ کرنا گہری تشویش کا باعث ہے۔

مزید پڑھیں: شہدا کے جنازے میں میری عدم شرکت کو غیر ضروری طور پر متنازع بنایا جا رہا ہے، صدر

علاوہ ازیں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے ٹرولز کی جانب سے فوج کے خلاف سوشل میڈیا مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل عمران خان کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے بھی ہیلی کاپٹر سانحہ سے متعلق سوشل میڈیا پر توہین آمیز مہم کی ذمہ دار پی ٹی آئی کو ٹھہراتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024