• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’میں سمجھی صرف پاکستانی ایسا سوچتے ہیں‘ زارا نور کی عالیہ بھٹ کی حمایت

شائع June 30, 2022
درفشاں سلیم نے کہا کہ شادی زندگی کا ایک حصہ ہے، رکاوٹ نہیں—فوٹو : انسٹاگرام
درفشاں سلیم نے کہا کہ شادی زندگی کا ایک حصہ ہے، رکاوٹ نہیں—فوٹو : انسٹاگرام

عالیہ بھٹ کے امید سے ہونے کے اعلان پر میڈیا میں من گھڑت افواہوں کے خلاف پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس اور درفشاں سلیم بھی بول اٹھیں۔

عالیہ بھٹ کی جانب سے اپنے ہاں پہلے بچے کی آمد کی خوشخبری سے متعلق پوسٹ کے بعد جہاں ایک جانب مبارک باد کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا اور عالیہ بھٹ کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا وہیں دوسری جانب اس حوالے سے کچھ جھوٹی افواہیں بھی گردش کرنے لگی تھیں جن سے متعلق عالیہ بھٹ نے ردعمل دینا ضروری سمجھا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں شوبز ویب سائٹ 'پنک ولا' کی ایک پوسٹ شیئر کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ عالیہ بھٹ جولائی کے وسط میں ممبئی واپس آجائیں گی، رنبیر کپور اپنی بیوی کو گھر واپس لانے کے لیے برطانیہ جائیں گے اور عالیہ بھٹ شوٹ سے واپس آنے کے بعد آرام کریں گی۔

اس پوسٹ پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے عالیہ بھٹ نے لکھا تھا کہ ’کچھ لوگوں کے ذہنوں میں ہم اب بھی ایک پدرانہ معاشرے میں رہتے ہیں، کچھ بھی موخر نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کسی کو مجھے لینے آنے کی ضرورت ہے، میں عورت ہوں، کوئی پارسل نہیں‘۔

انسٹاگرام پر عالیہ بھٹ کی اسٹوری کو ری پوسٹ کرتے ہوئے زارا نور عباس نے کہا ’میں سمجھی کہ صرف پاکستانی ہی ایسا سوچتے ہیں، خاص طور پر جب برینڈ نے مجھے اس وجہ سے کام دینا ختم کر دیا جب انہیں پتا چلا کہ میرے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے، جب اداکارہ حاملہ ہو تو معاشرے کو یہ لگتا ہے یہ اب کسی کام کے قابل نہیں رہی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ’خواتین ہر چیز اور کام میں ماہر ہوتی ہیں، وقت آگیا ہے کہ اپنا فیصلہ دوسروں پر تھوپنے والوں کو یہ بات سمجھ آ جائے‘۔

زارا نور عباس نے کہا ’ہمیں اپنی ممتا اور ہنر کا ثبوت کسی پدرشاہی کو دینے کی ضرورت نہیں ہے‘۔

اداکارہ درفشاں سلیم نے بھی عالیہ بھٹ کی انسٹاگرام اسٹوری کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ہم شادی کر سکتے ہیں، بچے پیدا کر سکتے ہیں اور اس کے باوجود غیرمعمولی کام کر سکتے ہیں۔

انہوں نے لکھا ’شادی زندگی کا ایک حصہ ہے، رکاوٹ نہیں، لوگوں کو خواتین کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ان کے پیشہ ورانہ اہداف اس کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتے‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024