• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

احمد عامر کی والد کی نماز جنازہ پڑھانے کی ویڈیو وائرل

شائع June 10, 2022
احمد عامر برطانیہ سے وطن پہنچے تھے—اسکرین شاٹ/ ڈان نیوز
احمد عامر برطانیہ سے وطن پہنچے تھے—اسکرین شاٹ/ ڈان نیوز

رکن قومی اسمبلی، اسکالر و ٹی وی میزبان عامر لیاقت کے صاحبزادے احمد عامر کی جانب سے والد کی نماز جنازہ پڑھانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

عامر لیاقت حسین 9 جون کو 50 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، میڈیکل اور قانونی کارروائی کے بعد ان کی میت کو گزشتہ شام سرد خانے منتقل کیا گیا تھا۔

عامر لیاقت حسین کے اچانک انتقال پر پوری قوم حیران رہ گئی تھی اور پولیس ان کا پوسٹ مارٹم کروانا چاہتی تھی مگر ان کے بیٹے اور بیٹی نے پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کردیا تھا۔

ورثا کے انکار کے باوجود پولیس قانونی طور پر پوسٹ مارٹم کرنے کے لیے بضد تھی، جس کے بعد ورثا نے کراچی کی مقامی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

بعد ازاں عدالتی حکم کے بعد پولیس نے عامر لیاقت کی میت کا بیرونی جائزہ لینے کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا تھا اور 10 جون کی سہ پہر کو ان کی نماز جنازہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ادا کی گئی تھی اور ان کی تدفین بھی وہیں کی گئی تھی۔

ان کے بیٹے احمد عامر برطانیہ میں مقیم تھے اور والد کے انتقال کی خبر سنتے ہی وہ ہنگامی بنیادوں پر وطن پہنچے تھے۔

انہوں نے ہی وطن پہنچنے کے بعد والد کی نماز جنازہ پڑھائی، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

احمد عامر کی جانب سے نماز جنازہ پڑھائے جانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے ان کے والد کے لیے مغفرت جب کہ احمد کے لیے صبر جمیل کی دعائیں بھی کیں۔

والد کی نماز جنازہ پڑھانے کے دوران احمد عامر کے سسک سسک کر رونے کی ویڈیو پر بھی لوگوں ان کے والد کی مغفرت اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعائیں کیں۔

اس سے قبل احمد عامر اپنی بہن دعائے عامر اور والدہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال کے ہمراہ والد کی میت لینے سرد خانے پہنچے تھے۔

احمد عامر اور ان کی بہن دعائے عامر اگرچہ والد کے ہمراہ نہیں رہتے تھے، تاہم ان کی کفالت والد ہی کرتے تھے۔

عامر لیاقت کے دونوں بچوں کی عمریں 20 سال سے زائد ہیں اور دونوں والدہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال کے ہمراہ رہتے تھے۔

ڈاکٹر بشریٰ اقبال اور عامر لیاقت کی شادی تقریبا تین دہائیوں تک رہی اور ماضی میں دونوں ٹی وی اسکرین پر بھی ایک ساتھ دکھائی دیتے رہے تھے۔

ڈاکٹر بشریٰ انصاری نے دسمبر 2020 میں تصدیق کی تھی کہ انہیں عامر لیاقت نے طلاق دے دی، کیوں کہ اس وقت ٹی وی میزبان نے ماڈل طوبیٰ انور سے دوسری شادی کر رکھی تھی۔

طوبیٰ انور اور عامر لیاقت کے درمیان بھی فروری 2022 میں خلع ہوگئی تھی، جس کے بعد ٹی وی میزبان نے اسی ماہ 18 سالہ دانیہ ملک سے شادی کی تھی، جنہوں نے گزشتہ ماہ مئی میں عامر لیاقت سے تنسیخ نکاح کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

عامر لیاقت کا شمار پاکستان کی معروف ترین شخصیات میں ہوتا تھا، وہ اپنے بیانات اور تنازعات کی وجہ سے آئے دن خبروں میں بھی رہا کرتے تھے اور زندگی کے آخری ایام میں ان کی نجی زندگی دشوار ہو چکی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024