• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

گھر کے باہر مداح جمع ہوگئے تو پولیس مدد کے لیے پہنچی، ہانیہ عامر

شائع May 5, 2022
ہانیہ عامر کی فلم پردے میں رہنے دو کو عید پر ریلیز کیا گیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
ہانیہ عامر کی فلم پردے میں رہنے دو کو عید پر ریلیز کیا گیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

عید الفطر پر ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’پردے میں رہنے دو‘ کی اداکارہ ہانیہ عامر نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار ان کے مداح ان کے گھر کے باہر جمع ہوگئے اور کئی گھنٹے تک وہاں موجود رہے، جس کے بعد پولیس ان کی مدد کے لیے پہنچی۔

ہانیہ عامر عید کے موقع پر جیو نیوز پر تابش ہاشمی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں ’پردے میں رہنے دو‘ فلم کی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے فلم سمیت دیگر معاملات پر بھی کھل کر باتیں کیں۔

فلم کی پروڈیوسر شازیہ وجاہت، ہدایت کار رؤف وجاہت اور اداکار علی رحمٰن نے بھی پروگرام میں ’پردے میں رہنے دو‘ کی شوٹنگ اور کہانی پر کھل کر باتیں کی۔

علی رحمٰن نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران دیر سے پہنچنے پر انہیں سب سے زیادہ ڈانٹ پڑتی اور شازیہ وجاہت غصے سے ان سے فون پر بات کرتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: عید پر یہ چار فلمیں دیکھنے سینما جائیں

پروڈیوسر شازیہ وجاہت کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے دوران سب کے ساتھ ایک جیسا برتاؤ کیا، تاہم اعتراف کیا کہ ہانیہ عامر کو وہ پیار سے ڈانٹتی تھیں۔

پروگرام کے دوران ہانیہ عامر نے انکشاف کیا کہ وہ پہلے سے رؤف وجاہت اور شازیہ وجاہت کو نہیں جانتی تھیں، البتہ ان کے بیٹے عاشر وجاہت سے ان کی دوستی تھی۔

اداکارہ کے مطابق عاشر سے دوستی کی وجہ سے وہ ان کے گھر بھی جاتی تھیں مگر رؤف اور شازیہ وجاہت سے زیادہ باتیں نہیں کرتی تھیں۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں ہانیہ عامر نے ایک دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا اور بتایا کہ ایک دن جب وہ گھر پر موجود نہیں تھیں تو ان کے مداح ان سے ملنے کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے اور کئی گھنٹے تک باہر کھڑے رہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ نے ان کے مداحوں کو بتایا کہ ہانیہ عامر گھر پر نہیں ہیں، وہ چلے جائیں مگر مداحوں نے ان کی والدہ کی بات پر یقین نہیں کیا اور انہوں نے جانے سے انکار کردیا۔

ہانیہ عامر کے مطابق جب مداح کئی گھنٹے تک ان کے گھر کے باہر کھڑے رہے تو ان کی مدد کے لیے وہاں پولیس پہنچ گئی اور ان کی والدہ سے پوچھا کہ اگر وہ ان لوگوں کو نہیں جانتے تو وہ انہیں گرفتار کرکے تھانے لے جاتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے پولیس کو مداحوں کو گرفتار نہ کرنے کا کہا اور انہیں بتایا کہ اگرچہ وہ انہیں نہیں جانتیں مگر وہ سب بچے ہیں اور ان کی بیٹی کے مداح ہیں، اس لیے انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی فلم ’پردے میں رہنے دو‘ کو دیگر تین فلموں ’گھبرانا نہیں ہے، چکر اور دم مستم‘ کے ساتھ عید الفطر کے موقع پر ریلیز کیا گیا ہے۔

ملک میں دو سال بعد عید کے موقع پر پہلی بار فلمیں سینما میں ریلیز ہوئی ہیں، اس سے قبل 2019 میں آخری بار عید کے موقع پر فلمیں سینماؤں میں پیش ہوئی تھیں۔

گزشتہ دو سال تک کورونا کی وجہ سے عیدوں پر فلموں کو سینماؤں میں ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024