• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

شائع April 30, 2022
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی متحدہ عرب امارات پہنچا—فوٹو: وزیراعظم آفس ٹوئٹر
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی متحدہ عرب امارات پہنچا—فوٹو: وزیراعظم آفس ٹوئٹر

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘وزیراعظم شہباز شریف ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف عبداللہ بن سلطان النوئیمی نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا’۔

وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات میں نائب سپریم کمانڈر متحدہ عرب امارات مسلح افواج اور ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید بن سلطان النیہان سے بھی ملاقات کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیردفاع خواجہ آصف، خالد مقبول صدیقی، اسعد محمود، شاہ زین بگٹی، وزیراطلاعات مریم اورنگ زیب، محسن داوڑ اور دیگر شامل ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا تین روزہ دورہ مکمل کرکے متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئے تھے۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق بات ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دورے کے دوران گزشتہ رات سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان جدہ میں وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔

ترجمان نے کہا کہ ملاقات کے دوران تجارتی اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے کے معاملات زیر بحث آئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم طحہ سے بھی ملاقات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں اور کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کے علاوہ فلسطین اور افغانستان کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم پاک۔سعودی عرب تعلقات کو فروغ دینے کیلئے جدہ پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی، ہم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو نئی اور بلند ترین سطح تک لے جانے کا عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور سعودی عرب کی جانب سے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے اور سعودی عرب کے دورے کے دوران پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے نئے راستوں اور طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

قبل ازیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف 28 اپریل کو تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے تھے، جو ان کا بحیثیت وزیراعظم پہلا غیرملکی دورہ ہے۔

سعودی عرب میں مدینہ کے گورنر فیصل بن سلمان السعود اور اعلیٰ سعودی عہدیداروں نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کا استقبال کیا تھا۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر دفاع خواجہ آصف شامل تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024