• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ذیابیطس کا شکار ہونے سے بچانے میں مددگار غذا

شائع April 30, 2022
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

صحت بخش غذا کا استعمال ذیابیطس ٹائپ 2 کا شکار ہونے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

میساچوسٹس جنرل ہاسپٹل کی تحقیق میں بتایا گیا کہ صحت بخش غذا کا استعمال جینیاتی طور پر ذیابیطس کے زیادہ خطرے سے دوچار افراد کے لیے بھی اس بیماری کا خطرہ کم کردیتا ہے۔

جینز اور طرز زندگی کے عناصر ذیابیطس ٹائپ ٹو کے حوالے سے اہم عناصر تصور کیے جاتے ہیں اور سابقہ تحقیقی رپورٹس میں ثابت ہوا ہے کہ صحت مند طرز زندگی ذیابیطس کا خطرہ کم کرتا ہے۔

اس نئی تحقیق میں 3 بڑے پیمانے پر ہونے والی تحقیقی رپورٹس کی جانچ پڑتال کی گئی جن میں 9 لاکھ سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا تھا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جینیاتی طور پر لاحق خطرے سے قطع نظر صحت کے لیے نقصان دہ یا غیرمعیاری غذا کا استعمال ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ 30 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے ایسے شواہد ملتے ہیں کہ نقصان دہ غذا سے ذیابیطس کا شکار ہونے کا خطرہ جینیاتی طور پر لاحق خطرے جتنا ہی ہوتا ہے، اس طرح کی معلومات ذیابیطس کی روک تھام کے لیے حکمت عملیوں کو تیار کرنے میں مدد فراہم کرسکے گی۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے پلوس میڈیسین میں شائع ہوئے۔

خیال رہے کہ اپریل 2022 میں ایک تحقیق میں انکشاف ہوا تھا کہ ذیابیطس ٹائپ 2 کے شکار افراد میں دیگر 57 بیماریوں بشمول کینسر، گردوں کے امراض اور دماغی و اعصابی امراض کا خطرہ بھی بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

دنیا بھر میں کروڑوں افراد ذیابیطس سے متاثر ہیں جس کو زیادہ جسمانی وزن یا جسمانی سرگرمیوں سے دوری سے منسلک کیا جاتا ہے یا خاندان میں ذیابیطس ٹائپ 2 کی تاریخ بھی ایک عنصر ہے۔

ذیابیطس کے نتیجے میں مختلف پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھتا ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کے ماہرین نے گہرائی میں جاکر جانچ پڑتال کی۔

ذیابیطس سے متاثر یا اس سے محفوظ درمیانی عمر کے افراد پر ہونے والی اس سب سے بڑی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس عارضے کے نتیجے میں دیگر 57 طویل المعیاد بیماریوں سے متاثر ہونے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

اوسطاً ذیابیطس کے مریضوں کو عمر کے ساتھ لاحق ہونے والے طبی مسائل کا سامنا صحت مند افراد کے مقابلے میں 5 سال قبل ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نتائج بہت زیادہ چونکا دینے والے ہیں اور اس بات کی اشد ضرورت پر روشنی ڈالتے ہیں کہ لوگوں کو ذیابیطس ٹائپ 2 کا شکار ہونے سے بچایا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024