• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

وزیر اعظم کا متحدہ عرب امارات کے ساتھ اقتصادی تعلقات آگے بڑھانے کا عزم

شائع April 19, 2022
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے اہم کردار کو بھی سراہا — فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے اہم کردار کو بھی سراہا — فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اقتصادی جہت کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے ملاقات میں کیا جنہوں نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دینے کے لیے ان سے ملاقات کی اور خلیجی ملک کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کو عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد شہباز شریف پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آج کی ملاقات کے دوران نومنتخب وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفرااسٹرکچر، فوڈ سیکورٹی اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا شہباز شریف حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے، نیڈ پرائس

وزیر اعظم شہباز شریف نے یاد دہانی کروائی کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہمیشہ خصوصی تعلقات رہے ہیں جو مشترکہ تاریخ، مشترکہ عقیدے اور جغرافیائی قربت میں مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ ان تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کے قریبی رابطوں سے مزید تقویت ملی ہے۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے اہم کردار کو بھی سراہا جو ان کے بقول دونوں ممالک کے درمیان ایک ’مضبوط پُل‘ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے صرف 50 برس کے عرصے میں ملک کی متاثر کن تبدیلی کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن کو سراہا۔

مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کیلئے ویزا پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ

دریں اثنا وزیر اعظم کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی خواہش کا اعادہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط قریبی تعاون پر مبنی ہیں، اعلی سطح کی بات چیت دوطرفہ تعاون کی ترقی کو مسلسل رفتار فراہم کرتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024