• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

جیڈا اسمتھ نے آسکر ایوارڈز کے واقعے پر خاموشی توڑ دی

شائع March 30, 2022
جیڈا اسمتھ — رائٹرز فوٹو
جیڈا اسمتھ — رائٹرز فوٹو

جیڈا پنکٹ اسمتھ نے آسکر ایوارڈز کی تقریب میں کامیڈین کرس راک کی جانب سے ان کے بالوں کے مذاق اڑائے جانے کے بعد ول اسمتھ کے تھپڑ مارے جانے کے تنازع پر خاموشی توڑ دی ہے۔

انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا 'یہ زخموں کے بھرنے کا موسم ہے اور میں اس کے لیے یہاں موجود ہوں'۔

اس بیان سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ آسکر ایوارڈز میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دے رہی ہیں۔

اس سے قبل جیڈا اسمتھ نے کرس راک کے مذاق اور ول اسمتھ کے اقدام پر جاری عوامی بحث میں کوئی حصہ نہیں لیا تھا۔

کرس راک کی جانب سے اب تک تھپڑ مارے جانے یا ول اسمتھ کی جانب سے معذرت کرنے کے حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مگر آسکر ایوارڈز کے واقعے کے بعد ان کے جلد ہونے والے کامیڈی شوز کی ٹکٹوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ٹکٹ فروخت کرنے والی ایک کمپنی ٹک پک نے بتایا کہ اس نے ایک رات میں اتنے ٹکٹ فروخت کیے جتنے گزشتہ پورے مہینے میں فروخت نہیں کیے تھے۔

اس سے قبل ول اسمتھ نے تھپڑ مارنے پر کرس راک سے معافی مانگی تھی۔

انہوں نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریب میں ان کا رویہ ناقابل قبول اور ناقابل عذر ہے۔

انہوں نے کہا 'میں عوامی سطح پر کرس سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، میں حد سے باہر گیا اور میں غلط ہوں'۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کرس راک نے اسٹیج پر ول اسمتھ کی بیوی کے بالوں پر مذاق کیا تھا۔

اس مذاق پر ول اسمتھ اسٹیج پر گئے اور کامیڈین کو تھپڑ دے مارا۔

اس صورتحال میں سکتے کا شکار ہونے والے کرس راک نے کہا 'ول اسمتھ نے ابھی مجھے مارا'۔

اس حوالے سے ول اسمتھ نے اپنی پوسٹ میں کہا 'جیڈا کے طبی مسئلے کے بارے میں مذاق میری برداشت سے باہر ہوگیا تھا اور میں نے جذباتی انداز سے ردعمل ظاہر کیا'۔

انہوں نے مزید کہا 'میں شرمندہ ہوں اور محبت اور مہربانی والی دنیا میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں'۔

اس سے قبل اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز نے ول اسمتھ کی حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس معاملے پر نظرثانی کررہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا 'ہم باضابطہ طور پر واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہمارے اصول، قوانین اور کیلیفورنیا کے قوانین کے تحت مزید کارروائی اور اقدامات پر غور کیا جائے گا'۔

اکیڈمی کی پالیسی واضح طور پر تشدد، ہراساں کرنے یا امتیاز کے خلاف ہے اور بیان کے مطابق اکیڈمی اراکین انسانی وقار کے احترام کے اصولوں کو اہمیت دیتے ہیں۔

ان اصولوں کی خلاف ورزی پر رکنیت معطل ہونے یا ادارے سے اخراج، آسکر ایوارڈز منسوخ کرنے یا آئندہ کے ایوارڈز کے لیے اہل نہ ہونے جیسے اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

اداکاروں کی نمائندہ تنظیم Sag-Aftra نے ول اسمتھ کی جانب سے تھپڑ مارنے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ اکیڈمی اور براڈکاسٹر اے بی سی سے رابطے میں ہے، تاکہ اس رویے پر مناسب طریقے پر کارروائی کی جاسکے۔

اس سے پہلے پروڈیوسر ہاروے ونسٹن کی رکنیت کو ایک درجن سے زیادہ خواتین پر حنسی حملے کے الزام پر اکیڈمی سے خارج کیا گیا تھا۔

اپنے بیان میں ول اسمتھ نے اکیڈمی، شو پروڈیوسرز، تقریب میں شریک افراد، ناظرین، ولیمز فیملی اور اپنی فلم کنگ رچرڈ کے افراد سے بھی معذرت کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024