• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

پہلے ٹیسٹ کی وکٹ آسٹریلیا سے شکست کے خوف سے بنانے کا تاثر غلط ہے، بابر اعظم

شائع March 11, 2022
بابراعظم  نے کہا ہے کہ مومینٹم پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے، کراچی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
بابراعظم نے کہا ہے کہ مومینٹم پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے، کراچی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں آسٹریلیا جیسی تیز وکٹیں نہیں بن سکتیں اور یہ غلط تاثر ہے کہ شکست کے خود سے پنڈی میں بیٹنگ وکٹ بنائی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے آفیشل یو ٹیوب چینل کو ایک انٹرویو میں بابر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہتر رہی، بلے بازوں نے زبردست بیٹنگ کی جبکہ باؤلرز نے بھی اچھی باؤلنگ کر کے آسٹریلیا کے بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

بابراعظم نے کہا کہ مومینٹم پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے، ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ میں بحیثیت مجموعی اچھا کھیل پیش کیا، پوری ٹیم نے اچھا کھیلنے کی کوشش کی، اگر میچ کے دوران بارش نہیں ہوتی تو نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، بورڈ کے لانگ ٹرم پلان کا حصہ ہوں، بابر اعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان میں آسٹریلیا جیسی تیز اور باؤنسی وکٹیں نہیں بن سکتیں، ہر وینیو کی کنڈینشز مختلف ہوتی ہیں، یہاں کی کنڈیشنز مختلف ہیں، یہاں پر موسم اور صورت حال آسٹریلیا جیسی نہیں، ہمیں ہر طرح کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہوتا ہے اور کارکردگی دکھانی ہوتی ہے۔

کراچی ٹیسٹ کی وکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی پچ کافی سپورٹنگ لگ رہی ہے جو بلے بازوں اور باؤلرز کو یکساں طور پر مدد کرے گی، میچ کے تیسرے دن سے اسپنرز کو مدد مل سکتی ہے، تاہم جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہ کامیاب ہوگی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میچ کی پچ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جیسی بھی پچ ہو، آپ کو منصوبے کے مطابق کھیل کر نتائج حاصل کرنے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر آسٹریلیا جیسی ٹاپ ٹیم کے خلاف آپ کو بہت فوکس اور توجہ کے ساتھ ہر کھلاڑی کے خلاف طے شدہ پلان کے مطابق کھیلنا ہوتا ہے اور جس طرح ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ میں کارکردگی دکھائی وہ کافی حوصلہ افزا بات ہے۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا

انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ میچ کے لیے ابھی پلیئنگ الیون کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، حسن علی اور فہیم اشرف جیسے مزید تجربہ کار کھلاڑی بھی اب میچ کے لیے دستیاب ہیں، ان کی شمولیت کے بارے میں بھی سوچا جا سکتا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ بلے باز بابر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہم کسی دباؤ کا شکار نہیں، انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ آسٹریلیا کی ٹیم سے شکست کے خوف سے ایسی بیٹنگ وکٹ بنائی گئی، انہوں نے کہا ایسا نہیں ہے کہ ہم دباؤ کا شکار ہیں، اگر مخالف ٹیم اچھا کھیل سکتی ہے تو ہمارے کھلاڑی بھی کسی سے کم نہیں، ہمارے کھلاڑی بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم بہت متوازن ہے، ہمارے پاس بہترین بلے باز ہیں اور اچھے باؤلرز ہیں، میچ کی صورت حال کے مطابق کبھی باؤلرز اچھی کارکردگی دکھاتے اور کبھی بلے باز میچ جتوا دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم نے گوگل پر سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سوالات کے جواب دے دیے

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے ابتدائی سیشن میں پاکستانی بلے بازوں نے کسی حد تک سست رفتار سے بیٹنگ ضرور کی، تاہم اس کے بعد کے سیشن میں ہمارے بلے بازوں نے رن ریٹ کو بہتر کیا اور باقی سیشنز میں ہمارا رن ریٹ فی اوور 4 رنز سے بھی اوپر گیا۔

کراچی ٹیسٹ کے حوالے سے بات کرت ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ جس طرح ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ میں کارکردگی دکھائی، جس طرح بلے بازوں نے خاص طور پر امام الحق نے دونوں اننگز میں سینچری بنائی، عبد اللہ شفیق نے جس طرح ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور اظہر علی نے جس طرح کی شان دار بیٹنگ کی وہ بڑی قابل ستائش کارکردگی ہے۔

انہوں نے مزید کہا اسی طرح باؤلرز نے بھی راولپنڈی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی اور آسٹریلیا کے 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، خاص طور پر نعمان علی نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کارکردگی سے ہمیں بہت اعتماد اور حوصلہ ملا ہے اور اسی اعتماد کے ساتھ ہم کراچی ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پر عزم اور پر امید ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024