پوکو کے 2 نئے مڈرینج اسمارٹ فونز متعارف
شیاؤمی کی ذیلی کمپنی پوکو نے 2 نئے مڈرینج اسمارٹ فونز متعارف کرا دیئے ہیں۔
پوکو ایکس 4 پرو جی اور ایم 4 پرو فونز (بنیادی طور پر یہ 5 جی فون کا 4 جی ورژن ہے) کو کمپنی کی جانب سے متعارف کرایا گیا۔
پوکو ایکس 4 پرو 5 جی
اس فون میں 6.67 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔
بنیادی طور پر یہ ایکس 3 پرو کا اپ گریڈ ماڈل نہیں بلکہ اس میں کیمرا، اسکرین اور بیٹری پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔
پوکو ایکس 4 پرو میں اسنیپ ڈراگون 695 پراسیسر موجود ہے جو ایکس 3 پرو کے اسنیپ ڈراگون 860 کے مقابلے میں کم طاقتور ہے۔
فون میں 6 سے 8 جی بی ریم جبکہ 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے جبکہ ایس ڈی سپورٹ بھی موجود ہے۔
فون کا ایک خاص فیچر ورچوئل ریم سپورٹ ہے جس سے 6 جی بی روالے ماڈل کو 2 جی بی جبکہ 8 جی بی والے فون کو 3 جی بی کی اضافی ریم سپورٹ مل سکے گی۔
کیمرا سیٹ اس نئے فون کا ایک اور خاص پہلو ہے جس کا مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے جبکہ گزشتہ سال 489 میگا پکسل کیمرا دیا گیا تھا۔
کمپنی کے مطابق یہ مین کیمرا کم روشنی میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔
اس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے موجود ہیں جبکہ فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔
فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 67 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے اور فل چارج بیٹری 15 گھنٹے مسلسل ویڈیو دیکھنے کے لیے کافی ہے۔
فون کو مکمل چارج کرنے کے لیے 41 منٹ کا وقت درکارہ ہوگا۔
یہ فون 2 مارچ سے مختلف ممالک میں دستیاب ہوگا جس کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 300 یورو (59 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 350 یورو (69 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔
پوکو ایم 4 پرو
اس فون کا 5 جی ورژن گزشتہ سال پیش کیا گیا تھا اب 4 جی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے۔
اس میں نہ صرف پراسیسر بلکہ کچھ اور تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔
اس فون میں 6.43 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے، یہ پہلی بار ہے جب ایم سیریز میں امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے۔
اسکرین کے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس 3 کو استعمال کیا گیا ہے۔
پوکو ایم 4 پرو میں میڈیا ٹیک کا ہیلیو جی 96 پراسیسر موجود ہے جبکہ 4، 6 اور 8 جی بی ریم اور 64، 128 اور 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے۔
اسٹوریج میں مائیکرو ایس ڈی سلاٹ بھی موجود ہے ہے جبکہ ورچوئل ریم سے اضافی ریم پاور ڈیوائس کو مل سکے گی۔
فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے موجود ہیں جبکہ فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔
فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جس کے ساتھ 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے، جبکہ کمپنی کے مطابق فل چارج ہونے پر بیٹری عام استعمال پر 2 دن تک کام کرسکتی ہے۔
یہ فون بھی 2 مارچ کو دستیاب ہوگا جس کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 220 یورو جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 270 یورو میں فروخت کیا جائے گا۔