فرحان اختر اور شبانی ڈنڈیکر رشتہ ازدواج میں منسلک
بولی وڈ اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار فرحان اختر اور ماڈل و اداکارہ شبانی ڈنڈیکر رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔
دونوں کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے اور ان کی شادی کی تقریبات 17 فروری کو بھارتی ریاست مہارا شٹر کے دارالحکومت ممبئی میں شروع ہوئی تھیں۔
دونوں کی شادی کی تقریبات ممبئی کے علاقے کھنڈالا میں موجود جاوید اختر کی رہائش گاہ پر جاری تھیں، جن میں دونوں کے قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی۔
شوبز ویب سائٹ ’پنک ولا‘ کے مطابق فرحان اختر اور شبانی ڈنڈیکر 19 فروری کی دوپہر کو رشتہ ازداوج میں منسلک ہوئے، ان کی شادی کی مرکزی تقریبات میں ان کے انتہائی قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق دونوں کی شادی کی مرکزی تقریب 19 فروری کی دوپہر کو ہوئی اور دونوں اداکاروں نے قریبی دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں شادی کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں نے پہلی شادی نہ تو مذہب اسلام کے مطابق کی اور نہ ہی انہوں نے شادی کی رسومات ہندو مذہب کے تحت ادا کیں بلکہ دونوں نے مسیحی افراد سے ملتی جلتی رسم کے تحت شادی کی اور دونوں نے سب کے سامنے ایک دوسرے کو شریک حیات کے طور پر قبول کرنے کا اقرار کیا۔
رشتہ ازدواج میں بندھتے وقت شبانی ڈنڈیکر نے سرخ لباس کا عروسی لباس جب کہ فرحان اختر نے سیاہ لباس کا تھری پیس سوٹ پہن رکھا تھا۔
شادی کی وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دلہن اور دولہے کو انتہائی خوش دیکھا جا سکتا ہے اور انہیں مسکراتے ہوئے دوستوں اور رشتے داروں کو گلے لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔
خبریں ہیں کہ دونوں اب 21 فروری کو اپنی شادی مذہب اسلام کے تحت رجسٹرڈ کروائیں گے ، جس کے بعد دونوں ممکنہ طور پر ہندو رسومات کے تحت بھی شادی کریں گے۔
فرحان اختر مسلمان ہیں جب کہ شبانی ڈنڈیکر ہندو مذہب کی پیروکار ہیں اور بھارت کی متعدد شوبز شخصیات نے الگ الگ مذاہب سے تعلق رکھنے کے باوجود شادیاں کر رکھی ہیں۔
شبانی ڈنڈیکر سے قبل فرحان اختر نے سال 2000 میں ہیئر اسٹالسٹ ادھونا بھابانی سے شادی کی تھی اور ان سے انہیں 2 بچیاں بھی ہیں، ان کے درمیان شادی کے 16 سال بعد 2016 میں طلاق ہوگئی تھی۔
شبانی ڈنڈیکر کی یہ پہلی جب کہ فرحان اختر کی دوسری شادی ہے اور دونوں کے درمیان 2018 میں تعلقات استوار ہوئے تھے۔