• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کراچی، حیدر آباد میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار

شائع February 8, 2022
کراچی میں بارش کے بعد کا ایک منظر — تصویر: ڈان نیوز
کراچی میں بارش کے بعد کا ایک منظر — تصویر: ڈان نیوز

کراچی اور حیدر آباد میں منگل کو وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر سندھ کے اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی تھی جس کے پیشِ نظر مختلف اداروں کی جانب سے شہریوں کے لیے الرٹس اور ایڈوائزریز جاری کی گئی تھیں۔

کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بارش کے نتیجے میں ریجنٹ پلازہ سے آواری، حسن اسکوائر سے نیو ٹاؤن اور محمود آباد سے نرسری کی طرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ شہر میں پیر اور منگل کو بارش کے ایک نئے سلسلے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: بارش کے دوران مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے کہا تھا کہ موسم کی موجودہ صورتحال مغرب سے آنے والا ہوا کا کم دباؤ ہے۔

آج جاری کردہ ایک تازہ پیش گوئی میں محکمہ موسمیات نے کہا کہ 'مغربی ہوا کا کم دباؤ جنوبی بلوچستان پر برقرار ہے اور اس کا اثر مغربی سندھ تک پھیلا ہوا ہے'۔

سسٹم کے زیر اثر دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور، سکھر، جامشورو اور کراچی میں آج شام تک بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے'۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی کا موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور آج بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔

مزید پڑھیں: کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں 4 جنوری سے بارشوں کا امکان

مزید برآں اگلے دو روز تک مطلع صاف اور رات کو ٹھنڈک رہے گی جبکہ درجہ حرارت 14 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔

دریں اثنا ڈی آئی جی موٹروے پولیس ساؤتھ زون شاہد جاوید نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی رفتار کی حد کم رکھیں، احتیاط سے گاڑی چلائیں اور دیگر احتیاطی تدابیر اپنائیں مثلاً گاڑی کے وائپز کو چیک کریں۔

ادھر صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شہریوں کے لیے الرٹ بھی جاری کیا کہ وہ کسی بھی جان و مال کے نقصان سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

علاوہ ازیں کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کے ترجمان نے دوپہر ڈیڑھ بجے ایک بیان میں کہا کہ شہر کے ایک ہزار 900 فیڈرز میں سے ایک ہزار 800 فیڈرز کے ذریعے بجلی فراہم کی جارہی ہے، تاہم بعد میں ایک اپڈیٹ میں انہوں نے کہا کہ شہر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: مختلف علاقوں میں ہلکی اور معتدل بارش سے موسم خوشگوار

ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ بجلی کی زیادہ چوری والے علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر بجلی منقطع کی جاسکتی ہے۔

ترجمان نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ برقی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور بارش کے دوران بجلی کے آلات یا سوئچ کا استعمال نہ کریں۔

یاد رہے کہ رواں سال کے اوائل میں 5 جنوری کو ہونے والی بارش میں شہر میں مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024