• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعظم سے سعودی وزیرداخلہ کی ملاقات، ‘مشکل وقت میں تعاون پر شکریہ ادا کیا’

شائع February 7, 2022 اپ ڈیٹ February 8, 2022
—فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان
—فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نور خان ایئربیس راولپنڈی پر سعودی وزیر داخلہ اور ان کے وفد کا استقبال کیا— فوٹو: اے پی پی
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نور خان ایئربیس راولپنڈی پر سعودی وزیر داخلہ اور ان کے وفد کا استقبال کیا— فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر داخلہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے ملاقات کی اور پاکستان کو خاص طور پر مشکل وقت میں تعاون کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم دفتر سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب کے وزیر داخلہ نے وزیراعظم سے ملاقات کے موقع پر پاکستان کو تعاون کا اظہار کیا۔

قبل ازیں سعودی وزیر داخلہ وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تو پہلے اپنے ہم منصب شیخ رشید اور صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملنے کے بعد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کی جانب سے حال ہی میں پاکستان کو مالی تعاون فراہم کرنے خصوصی شکریہ ادا کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے خادمین حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز السعود کے مسلمانوں میں اتحاد کے لیے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور خطے کے امن اور استحکام کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ترقی کے وژن کی بھی تعریف کی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے لیے کردار کو سراہا۔

سعودی عرب میں پاکستانی برادری کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ عوامی رابطوں کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ سعودی عرب میں قید اکثر پاکستانی اس فریم ورک کے تحت اپنے وطن واپس آئیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کو نشانہ بناے کے لیے ہونے والے حملوں کی بھی مذمت کی اور سعودی عرب کے سلامتی، خود مختاری اور سرحدی تحفظ کے لیے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم کے دفتر نے بتایا کہ سعودی وزیرداخلہ نے ولی عہد کا وزیراعظم کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

انہوں نے سعودی عرب کی ترقی کے لیے پاکستانیوں کے مثبت کردار کو سراہا اور اپنے وزارت سے متعلق تمام امور میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا بھی عزم دہرایا۔

سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز کی ایک روزہ دورے پر پاکستان آمد

قبل ازیں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نور خان ایئربیس راولپنڈی پر سعودی وزیر داخلہ اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کے دفاع کی ضرورت پڑی تو پاکستان ساتھ کھڑا ہوگا، وزیراعظم

اس موقع پر شیخ رشید کے ہمراہ سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے جنہوں نے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیر بن سعود بن نائف کے ساتھ چھ رکنی اعلیٰ سعودی وفد کو خوش آمدید کہا۔

سعودی وزیر داخلہ اپنے پاکستانی ہم منصب شیخ رشید احمد کی خصوصی دعوت پر ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔

پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے داخلہ کی اپنے وفود کے ہمراہ باضابطہ ملاقات آج وزارت داخلہ میں ہوگی۔

سعودی وزیر داخلہ آج وزارت داخلہ کا دورہ کر کے اپنے ہم منصب شیخ رشید احمد سے دوبدو ملاقات بھی کریں گے جس میں علاقائی صورتحال سمیت سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔

سعودی وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، سعودی عرب کے مابین ورکرز کی بھرتیوں اور مہارت سے متعلق معاہدہ

ایک روز قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مذکورہ دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ گہرے، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ قطر، کویت، بحرین وغیرہ کے وزرائے داخلہ کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی جارہی ہے۔

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بیرون ملک جیلوں میں بند پاکستانی قیدیوں کی واپسی کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024