• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بولی وڈ اداکارہ مونی رائے پیا گھر سدھار گئیں

شائع January 27, 2022
اداکارہ نے 27 جنوری کو شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے 27 جنوری کو شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام

’لندن کانفیڈنشل، گولڈ، رومیو، اکبر والٹر اور دبنگ‘ جیسی فلموں میں جلوہ گر ہونے والی بولی وڈ اداکارہ مونی رائے پیا گھر سدھار گئیں۔

بولی وڈ اداکارہ کے اہل خانہ نے پہلے ہی تصدیق کی تھی کہ مونی رائے جنوری کے اختتام تک شادی کرلیں گے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق مونی رائے نے دیرینہ بوائے فرینڈ دبئی کے صنعت کار سوراج نمبیار کے ساتھ شادی کرلی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ کی شادی کی تقریبات ریاست گووا میں ہوئی تھیں اور انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنی شادی کی تصدیق کی۔

شادی کی تقریبات کے دوران مونی رائے اور ان کے شوہر سوراج نمبیار نے مختلف بولی وڈ گانوں پر ڈانس بھی کی اور ان کی تقریبات میں متعدد شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اداکارہ کی شادی کی تقریبات چند دن تک جاری رہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کی شادی کی تقریبات چند دن تک جاری رہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اسی حوالے سے ’انڈیا ٹو ڈے‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دونوں نے ملایلم روایات کے علاوہ بنگالی روایات کے مطابق شادی کی۔

رپورٹ کے مطابق مونی رائے اور سوراج نمبیار نے 27 جنوری کی صبح کو ملایلم روایات کے مطابق شادی کی جب کہ اسی دن کو دیر سے دونوں نے ہندو بنگالی روایات کے تحت شادی بھی کی۔

دونوں کی شادی پر شوبز شخصیات سمیت انہیں کاروباری، سیاسی و سماجی شخصیات نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے بھی اپنی شادی کی تصدیق کی اور نئی زندگی کے آغاز پر جذباتی کیپشن بھی لکھا۔

اداکارہ نے نئی زندگی شروع ہونے پر شکرانے ادا کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے 27 جنوری کو شادی کرلی۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور پر اداکارہ کی شادی کی تقاریب اٹلی یا دبئی میں ہوں گی، تاہم انہوں نے ریاست گووا میں شادی کی۔

یہ بھی پڑھیں: مونی رائے جنوری 2022 تک پیا گھر سدھار جائیں گی، اہل خانہ

دونوں کی باضابطہ شادی سے قبل گزشتہ برس کے آغاز میں لاک ڈاؤن کے دوران مونی رائے اور سوراج نمبیار کی خفیہ شادی کی افواہیں بھی پھیلی تھیں لیکن اداکارہ نے خبروں کو مسترد کردیا تھا۔

دونوں کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے اور سوراج دبئی میں بینکار ہیں، دونوں دبئی میں بھی ایک ساتھ کافی وقت گزار چکے ہیں۔

سوراج نمبیار سے قبل مونی رائے کے تعلقات ٹی وی اداکار گوراو چوپڑا سے تھے جب کہ ان کا نام دیگر اداکاروں کے ساتھ بھی جوڑا جاتا رہا ہے۔

مونی رائے نے ٹی وی سے اداکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی، کسوٹی، ناگن، ایک تھا راجا، ایک تھی رانی اور کرشنا چلی لندن‘ جیسے ڈراموں سمیت کئی ڈراموں اور ریئلٹی شوز میں شرکت کی۔

مونی رائے نے 2004 کی فلم ’رن‘ سے بولی وڈ کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے تم بن ٹو، گولڈ، رومیو، اکبر، والٹر سمیت دیگر فلموں میں کام کیا۔

اداکارہ کی چند ماہ قبل ریلیز ہونے والی فلم ’لندن کانفیڈنشل‘ کو زی فائیو پر ریلیز کیا گیا تھا، جس کی کہانی کورونا وائرس سے متعلق پھیلنے والی افواہوں اور بھارت و چین کی سرحد پر ممکنہ پھیلنی والی نئی وبا کے گرد گھومتی ہے۔

’لندن کانفیڈنشل‘ میں جہاں مونی رائے کی اداکاری کو سراہا گیا، وہیں اسے کہانی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

اداکارہ جلد ہی رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور امیتابھ بچن سمیت دیگر اداکاروں کی کاسٹ پر مبنی فلم ’براہمسترا‘ میں دکھائی دیں گی۔

دونوں کی شادی پر شوبز شخصیات نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کی شادی پر شوبز شخصیات نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024