• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

معروف ڈراما ساز ڈاکٹر ڈینس آئزک چل بسے

شائع January 22, 2022
ڈاکٹر ڈینس آئزک نے متعدد ایوارڈز حاصل کر رکھے تھے—فائل فوٹو: فیس بک
ڈاکٹر ڈینس آئزک نے متعدد ایوارڈز حاصل کر رکھے تھے—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے لیے مشہور ڈرامے لکھنے والے معروف ڈراما ساز ڈاکٹر ڈینس آئزک کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد کینیڈا میں چل بسے۔

ڈان اخبار کے مطابق ڈاکٹر ڈینس آئزک گزشتہ کچھ عرصے سے ڈیمنشیا سمیت مختلف بیماریوں اور طبی مسائل کا شکار تھے اور وہ کینیڈا کے ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ 20 جنوری کو خالق حقیقی سے جا ملے۔

ڈراما نگار کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر ڈینس آئزک کو سنگین بیماری بھی لاحق تھی۔

ڈاکٹر ڈینس آئزک صوبہ خیبر پختونخوا (کے پی) کے دارالحکومت پشاور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے خیبر میڈیکل کالج سے ڈاکٹری کی تعلیم حاصل کی، بعد ازاں انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں بطور ریڈیولاجسٹ 25 سال تک خدمات سر انجام دیں۔

ہسپتال میں ملازمت کے دوران ہی انہوں نے ڈرامے لکھنا شروع کیے جب کہ وہ انہیں پہلے ہی ادب سے شغف تھا اور وہ شاعری و افسانہ نگری کرتے رہے تھے۔

ڈینس آئزک مختلف ادبی و سماجی تنظیموں سے بھی وابستہ رہے، جن میں حلقہ ارباب ذوق پشاور، خبر و نظر پشاور اور پشاور کرسچین لٹرری سوسائٹی بھی شامل ہیں۔

انہیں ان کی ادبی و فنون لطیفہ کی خدمات پر متعدد ایوارڈز بھی دیے گئے،جن میں ہزارہ آرٹس کونسل ایوارڈ 1985، پی ٹی وی ایوارڈ فار ایکسیلنس 1978 اور 1979، بیسٹ اسکرین پلے نیشنل ایوارڈ 1979، پاکستان کرسچین آرٹس کونسل ایوارڈ 1995، کشمیر لٹرری ایوارڈ 1996، جوشوا فضل الدین ایوارڈ 1996، پی ٹی وی گولڈن جوبلی میڈل ایوارڈ 1997 اور بزم فانوس کینیڈا ایوارڈ 2010 شامل ہیں۔

ڈاکٹر ڈینس آئزک کے لکھے گئے معروف ڈراموں میں ’بارش، داروہا، کرب، سلاخیں اور تھوڑی سی زندگی سمیت دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے ہدایت کار و پروڈیوسر ثمینہ پیرزادہ کے لیے فلم ’انتہا‘ کا اسکرپٹ بھی لکھا جب کہ انہوں نے معروف ڈرامے ’گیسٹ ہاؤس‘ کی کچھ قسطیں بھی لکھی تھیں۔

ڈاکٹر ڈینس دو دہائیاں قبل 2000 میں پاکستان سے کینیڈا منتقل ہوئے تھے اور وہاں بھی انہوں نے ادبی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

ڈانس ڈینس آئزک کے فانی دنیا سے رخصت ہونے پر اہم سیاسی، و سماجی شخصیات سمیت شوبز شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024