موٹرولا اپنا پہلا 200 میگا پکسل کیمرے والا فون پیش کرنے کیلئے تیار
موٹرولا اپنے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون میں پہلی بار 200 میگا پکسل کیمرا پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایک نئی لیک کے مطابق موٹرولا کی جانب سے ایک نئے فلیگ شپ فون پر کام کیا جارہا ہے جس کا کوڈ نام فرنٹیئر رکھا گیا ہے۔
اس نئے فون کے کچھ فیچرز کمپنی کے نئے فون ایج ایکس 30 سے لیے جائیں گے مگر چند نئے اور متاثرکن ہوں گے۔
موٹرولا کے اس فلیگ شپ فون میں 6.67 انچ کا خم ایجز والا ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن، 144 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ کے ساتھ ہوگا۔
فون میں کوالکوم کے نئے اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 کی بجائے ٹی ایس ایم سی کے 4 این ایم پراسیسر دیئے جانے کا امکان ہے، جس کی ممکنہ وجہ پروڈکشن مسائل سے بچنا ہے۔
فون میں 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج دی جائے گی۔
مگر فون کی خاص بات بیک کیمرا سیٹ اپ کا مین کیمرا ہوگا جو سام سنگ کے 200 میگا پکسل سنسر سے لیس ہوگا جس کے ساتھ 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرے موجود ہوں گے۔
فون کے فرنٹ پر ایج ایکس 30 کی طرح 60 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا جاسکتا ہے۔
لیک کے مطابق یہ موٹرولا کا پہلا فون ہوگا جس میں بیٹری کے ساتھ 125 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی جائے گی جبکہ 50 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ بھی ڈیوائس کا حصہ ہوگی۔