ٹی سی ایل نے دنیا کا سستا ترین فولڈ ایبل فون پیش کردیا
ٹی سی ایل کی جانب سے کئی برس سے فولڈ ایبل فونز کے پروٹوٹائپ ماڈلز پیش کیے جارہے ہیں مگر اب تک صارفین کے لیے کوئی فون پیش نہیں کیا گیا۔
ٹی سی ایل نے اب تک سب سے سستا فولڈ ایبل اسمارٹ فون فلیکس وی متعارف کرا دیا ہے۔
لاس ویگاس میں سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش کے موقع پر ٹی سی ایل نے اس فون کو پیش کیا۔
یہ فون ڈیزائن کے لحاظ سے سام سنگ کے گلیکسی زی فلپ 3 سے ملتا جلتا ہے اور مڈرینج فیچرز سے لیس ہے۔
مگر اس کا سب سے بڑا فیچر 600 ڈالرز (ایک لاکھ 5 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) کی قیمت ہے اور اس طرح یہ اب کا سب سے سستا فولڈ ایبل فون ہے۔
ٹی سی ایل فلیکس وی میں کوالکوم کا اسنیپ ڈراگون 765 جی پراسیسر موجود ہے جو 2020 میں مڈرینج اسمارٹ فونز کے لیے مقبول ترین پراسیسر تھا۔
فون میں ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہے جو 48 میگا پکسل مین اور 16 میگا پکسل کیمروں پر مشتمل ہے، فون میں سیلفی کے لیے 44 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے۔
فون کے ڈسپلے اور ریفریش ریٹ کے بارے میں کمپنی نے زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں۔
اس کے اندر 3545 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہوگی۔
سی ای ایس میں پیش کیا گیا فون اینڈرائیڈ 11 آپریٹںگ سسٹم پر کام کررہا تھا مگر امکان یہی ہے کہ دستیابی کے بعد یہ اینڈرائیڈ 12 آپریٹںگ سسٹم سے لیس ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے ابھی فون کی دستیابی کی تاریخ نہیں بتائی گئی مگر وعدہ ضرورت کیا ہے کہ یہ دنیا کا سستا ترین فولڈ ایبل اسمارٹ فونز ہوگا۔