• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سندھ میں ٹیسٹوں کے 50 فیصد نمونوں میں اومیکرون کی دریافت

شائع January 3, 2022
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں وبا کی صورتحال کو پریشان کن قرار دیا ہے — رائٹرز فوٹو
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں وبا کی صورتحال کو پریشان کن قرار دیا ہے — رائٹرز فوٹو

سندھ میں 50 فیصد کیسز کے نمونے کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون سے متاثر دریافت ہوئے ہیں۔

سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں اومیکرون قسم کی شرح جاننے کے لیے 351 کووڈ 19 ٹیسٹ کیے گئے تو 175 نمونوں لگ بھگ 50 فیصد وائرس کی نئی قسم سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔

وزیراعلیٰ آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ تفصیلات وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس کے دوران بتائی گئیں۔

مزید پڑھیں : ملک میں کورونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، این سی او سی

اس اجلاس میں بتایا گیا کہ اومیکرون سے متاثر کیسز میں بہت کم افراد کی سفری تاریخ تھی اور ان میں بھی اکثریت برطانیہ، امریکا، دبئی، جرمنی، سعودی عرب، نیروبی اور انگولا کا سفر کرنے والوں کی تھی۔

صوبے میں حالیہ دنوں میں کووڈ 19 کیسز کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد میں اضافے پر بھی اجلاس میں بات کی گئی۔

بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ 30 دنوں یعنی 3 دسمبر 2021 سے 2 جنوری 2022 کے دوران کووڈ 19 کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوا۔

3 دسمبر کو 261 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی تھی اور اس کے بعد سے روزانہ کیسز کی تعداد اوپر کی جانب گئے اور 2 جنوری کو 403 تک پہنچ گئے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ 4 دسمبر 2021 سے یکم جنوری 2022 کے دوران صوبے میں 51 افراد کا انتقال کووڈ 19 کے باعث ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں بتایا کہ اب تک سندھ میں 2 کروڑ 95 لاکھ 79 ہزار 471 ویکسین خوراکیں استعمال کی جاچکی ہیں۔

انہوں نے وبا کی صورتحال کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے محکمہ صحت پر زور دیا کہ کووڈ 19 ویکسینیشن کی مہم کا آغاز کیا جائے۔

انہوں نے محکمہ صحت کو یہ بھی ہدایت کی کہ سندھ بھر میں ٹیسٹوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے صوبے کے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر بھی زور دیا اور خبردار کیا کہ دوسری صورت مں حکومت کو سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ آفس کی جانب سے روزانہ کی صورتحال کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 339 نئے کووڈ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 81 ہزار 949 جبکہ اموات 7 ہزار 673 تک پہنچ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : : کورونا کی نئی لہر کے آغاز کے واضح شواہد نظر آرہے ہیں، اسد عمر

سندھ کی جانب سے صوبے میں اومیکرون کی موجودگی کی جانچ پڑتال کے لیے 351 ٹیسٹوں کے نتائج اس وقت سامنے آئے ہیں جب پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے سامنے آنے کے بعد کورونا کے یومیہ مثبت کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 708 نئے کیس سامنے آئے۔

این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 45 ہزار 643 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 708 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، یوں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.55 فیصد رہی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 2 افراد ہلاک بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ 4 روز سے کورونا کیسز کی شرح ایک فیصد سے زائد رہی ہے، اس کے علاوہ آخری مرتبہ 2 ماہ قبل 30 اکتوبر کو 700 سے زائد مثبت کیسز سامنے آئے تھے جن کی تعداد 733 تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024